پی ٹی آئی عوام کو11نکات پر ٹرخانے کی بجائے خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دکھائے،سکندر حیات شیرپائو

خیبر پختونخوا کے عوام باشعور ہیں اور ان کو اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دوبارہ دھوکہ نہیں دیاجا سکتا،صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

پیر 14 مئی 2018 21:17

پی ٹی آئی عوام کو11نکات پر ٹرخانے کی بجائے خیبر پختونخوا میں صوبائی ..
ُُُُُُُُپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہاہے کہ پی ٹی آئی عوام کو قومی سطح پر11نکات پر ٹرخانے کی بجائے خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی دکھائے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام باشعور ہیں اور ان کو اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دوبارہ دھوکہ نہیں دیاجا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحصیل تنگی ضلع چارسدہ میں کوز بہرام ڈھیری کے پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سکندرشیرپائونے پی ٹی آئی کی جانب سے گیارہ نکاتی پروگرام کا اعلان مضحکہ خیزقرار دیا اور کہا کہ جن گیارہ نکات کا خیبر پختونخوامیں کوئی نام و نشان نہیں وہ ان نکات پر اب پورے ملک میں کس طرح عملدرآمد کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں پختونوں کو کچھ نہیں دیا البتہ ان کی محرومیوں اور مشکلات میں اضافہ ضرور کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ تبدیلی سرکارکی سیاست کا مقصد اقتدار کا حصول ہے جس کیلئے انھوں نے ایک بارپھر تبدیلی کے بجائے 11نکات کا شوشہ چھوڑ دیا ہے انھوں نے کہا کہ پختون باشعور ہیں اور وہ ووٹ بٹورنے والوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں اور مزید ان کے کسی بھی فریب میں آنے والے نہیں۔

سکندر شیرپائو نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام آنے والے انتخابات میں شوشے چھوڑنے والوں کو بری طرح مسترد کرکے اپنے لئے مخلص اوردیانتدار نمائندوں کاچنائو کریں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اور پختونوں کے حقوق کی محافظ جماعت ہے اور ان کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔اس موقع پر کیو ڈبلیو ضلع چارسدہ کے پارٹی عہدیدار عارف پراچہ،مفتی افتخار،جاوید حسین خان اور تحصیل ناظم تنگی یحیٰی جان مہمند بھی موجود تھے۔