نواز شریف کے بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پریس کانفرنس کریں گے

شاہد خاقان عباسی کچھ دیر میں اس معاملے پر پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 مئی 2018 13:20

نواز شریف کے بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پریس کانفرنس کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مئی 2018ء) : سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان پر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری ہونے کے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی 01 بج کر 45 منٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب  کریں گے۔ واضح رہے کہ آج صبح وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) محمد سیلمان خان، ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں ملکی سلامتی اور سکیورٹی صورتحال پر بات کی گئی ۔ وزیرا عظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں حکومتی جماعت کے قائد نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کُن بیان پر بھی بات کی گئی اور اس بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے عناد کو اجاگر کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ حال ہی میں بھارتی میڈیا نے سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے ایک انٹرویو میں دئے بیانات کو اچھالا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ غیر ریاستی عناصر کو یہ اجازت دینی چاہئیے کہ وہ ممبئی جا کر 150 افراد کو قتل کر دیں۔