معیشت پر آئی ایم ایف اور عالمی بینک کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے،مولانا فضل الرحمان

آئی ایم ایف کے قوانین اور سودی نظام کی وجہ سے معاشی خوشحالی کا خون ہوجاتا ہے،امریکہ اور مغربی دنیاامت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں،سربراہ ایم ایم کا مینا ر پاکستان جلسہ عام سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 23:50

معیشت پر آئی ایم ایف اور عالمی بینک کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے،مولانا فضل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) جمعیت علمائے اسلام اورمتحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ہمارا بجٹ آئی ایم ایف کا پاکستان ڈیسک منظور کرتا ہے۔معیشت پر آئی ایم ایف اور عالمی بینک کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے،مغربی تہذیب کی یلغار نے ہم سے ہماری آزادی چھین لی ہے ۔ لاہور میں مینار پاکستان سے متصل گریٹر اقبال پارک میں ایم ایم اے کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج امریکہ اور مغربی دنیاامت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیںکر رہے ہیں جو انسانی حقوق کا نام بھی لیتے ہیں اور خود ہی اس کی پامالی کرتے ہیں،مخلوط نظام تعلیم اسلامی معاشرے کے لیے ناقابل قبول تصور ہے، ہم خواتین کے لیے الگ تعلیمی ادارے اور کھیل کے میدان بنائیں گے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جو کہتے ہیں کہ سود کے بغیر معیشت نہیں چلتی، شراب کے بغیر ہماری محفلیں آباد نہیں ہوتیں، اسلامی قوانین دقیانوسی ہیں، فحاشی و عریانی کے بغیر ہمارا گزارا نہیں، اس طرح کی سوچ والوں کو آج کل روشن خیال کہا جاتا ہے ہماری جنگ اس لادین روشن خیالی کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سکون و اطمینان کے لیے ہمیں معاشی خوشحالی لانی ہوگی، لیکن آئی ایم ایف کے قوانین اور سودی نظام کی وجہ سے معاشی خوشحالی کا خون ہوجاتا ہے۔

قبل ازیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان گواہ ہے 70 سال ہو گئے مگر اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا لیکن آج مینار پاکستان کہہ رہا ہے کہ نیا پاکستان نہیں اسلامی پاکستان بناؤ۔دینی جماعتوں کے اکٹھے ہونے پر امریکی ایجنٹ پریشان ہیں اور ہمارے پہلے ہی اجتماع کو دیکھ کر لوگوں کے رنگ اڑ گئے ہیں۔

ملک میں اسلامی نطام کے نفاذ کے لیے لڑیں گے اور مریں گے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو پٴْرامن پاکستان بنانے کے لیے ایک ہوئے ہیں اور اس قافلے میں کوئی لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا، کوئی آف شور کمپنی والا شامل نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری لڑائی کسی فرد اور خاندان کے خلاف نہیں بلکہ ظلم کے خلاف ہے، جو بھی ظلم کرے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بیرون ملک سے 20 ارب ڈالر ملک بھیجتے ہیں جب کہ کرپٹ حکمران یہاں سے سرمایہ لوٹ کر باہر بھیجتے ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے سربراہ اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر علامہ ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ہم کسی مسلک کے مقدسات کی توہین کرنا غلط سمجھتے ہیں، اگر لوگوں کو صحت، تعلیم، روزگار اور امن عامہ درکار ہے تو انھیں چاہیے کہ متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو ووٹ دیں، متحدہ مجلس عمل ہی ایک روشن اور خوشحال پاکستان بنا سکتی ہے، متحدہ مجلس عمل اپنے قیام سے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے اور فرقہ واریت کے خاتمے میں ممد و معاون ثابت ہوئی ہے۔