پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی خدا ترس لوگوں کا شہر ہے،گورنرسندھ

کراچی کی تاریخ گواہ ہے اس کے باسی ہر اچھے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں شاہد آفریدی نے تھر میں اسپتال بنانے اور خاص طور پر عورتوں اور بچوں کی صحت اور فلاح کے لئے کام کرنے کا سوچا ہے ، میں ان کی اس سوچ پر مبارک باد دیتا ہوں ، فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی خدا ترس لوگوں کا شہر ہے اور کراچی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس کے باسی ہر اچھے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں چاہے وہ چیریٹی اسپتال ہو ، نادار لوگوں کو کھانا کھلانے کا پروجیکٹ ہو یا کینسر اسپتال میں فنڈ ریزنگ کاکام کراچی کے شہری پاکستان کے دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے آگے ہیں ، شاہد آفریدی نے تھر میں اسپتال بنانے اور خاص طور پر عورتوں اور بچوں کی صحت اور فلاح کے لئے کام کرنے کا سوچا ہے ، میں ان کی اس سوچ پر مبارک باد دیتا ہوں ، مجھے یقینی ہے کہ جس طرح ہر جگہ انہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اسی طرح تھر میں اچھا پروجیکٹ کرکے وہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں سندھ ایگرو مائننگ کمپنی کے تحت تھر فائونڈیشن کے زیر اہتمام تھر کے علاقہ اسلام کوٹ میں 250 بستروں پر مشتمل اسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شاہد آفریدی فائونڈیشن کے چیئر مین شاہد خان آفریدی ، گلوبل چیف ایگزیکٹیو آفیسر ذیشان افضل ، تھر فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شمس الدین شیخ ، معروف صنعت کاروں اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ہر شخص ، ادارے اور حکومت کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنا ہونگے تاکہ صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے اس ضمن میں ، میں شاہد خان آفریدی کو مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں با الخصوص شاہد خان آفریدی کو حال ہی میں جو کامیابی ملی ہیں میں ان پر انھیں مبارک باد پیش کرتاہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے ضمن میں شاہد آفریدی فائونڈیشن کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ، شاہد آفریدی فائونڈیشن جو کام کررہی ہے وہ قابل تعریف ہی نہیں بلکہ قابل ستائش بھی ہے ،تھر فائونڈیشن کے نیک کام کے فنڈ ریزنگ کے لئے شاہد آفرید ی کے تعاون سے یہ مشن ضرور پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تھر فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شمس الدین شیخ نے کہا کہ تھر کے علاقہ اسلام کوٹ میں 250 بیڈز کا اسپتال تعمیر کیا جائے گا پہلہ مرحلہ میں 80بیڈ ز پھر با الترتیب اس میں اضافہ کرکے اسے 250 تک کردیا جائے گا اس ضمن میں شاہد آفریدی کے تعاون سے یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل پہنچ سکتا ہے ۔

شاہد آفریدی فائونڈیشن کے گلوبل چیف ایگزیکٹیو آفیسر ذیشان افضل نے خطاب کرتے ہوئے فائونڈیشن کے زیر اہتمام قبائلی علاقوں ، سندھ اور پنجاب میں تعلیم ، صحت اور پینے کے صا ف پانی کے منصوبوں کے بارے میں گورنرسندھ کو تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر شاہد آفریدی اور معروف صنعت کار ایس ایم منیر نے بھی خطاب کیا ۔ #