طوفانی بارشوں سے متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں،آفتاب شیرپائو

ہفتہ 12 مئی 2018 23:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائواور صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں اور باالخصوص باجوڑ ایجنسی میں طوفانی بارشوںکی بدولت ہونے والی تباہی اور اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں اوراملاک کے ضیاع پر ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس اندوہناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انھوں نے بارشوں کی بدولت ہونے والی جانی و مالی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے درجنوںمکانات،فصلیں اور باغات متاثر ہوئے ہیں اور طوفانی بارش کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں جس پر دلی رنج و غم اور دکھ ہوا۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل دادرسی کی جائے اور ان کی فوری بحالی اور امداد کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔