76ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹر میں منعقد‘ کانفرنس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی‘ آئی ایس پی آر

ہفتہ 12 مئی 2018 00:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) 76ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو)میں منعقد ہوئی۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔ کانفرنس میں پاک فوج کے تمام جنرل آفیسرز نے شرکت کی۔ شرکاء کو بدلتی ہوئی جیواسٹریٹیجک صورت حال اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات اور چینلجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور جاری آپریشنز کی پیشرفت پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں آپریشن ردالفساد میں پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا اور خالی کرائے گئے علاقوں کو سول انتظامیہ کے کنٹرول میں دینے پر بھی غور کیا گیا۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے حاصل کی گئی کامیابیوں کو عوام اور انٹیلی جنس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیوں سے منسوب کیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے آپریشنل تیاریوں اوربلند حوصلے کوسراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہمسائیوں کے ساتھ امن کی خواہش کے باوجود کسی بھی جارحیت کا مؤثر و بھرپور جواب دیں گے۔ فارمیشن کمانڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کی حمایت سے قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔