الیکٹرانکس کی اشیاء بنانیوالی فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں مالیت کا سامان ،گاڑیاں جل کر خاکستر

فائر بریگیڈکی 15گاڑیاں ،درجنوں فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف رہے ،آٹھ گھنٹے بعد قابو پایاگیا ڈی سی بھی موقع پر موجود رہے،لیسکو نے کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے بجلی بند کر دی ،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا

جمعہ 11 مئی 2018 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) ملتان روڈ پر واقع الیکٹرانکس کی اشیاء بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان اور گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں ،فائر بریگیڈکی 15گاڑیاں اور درجنوں فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہیںاور مسلسل آٹھ گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا ۔تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر الیکٹرانکس کی اشیاء بنانے والی ویوز فیکٹری کے پروڈکشن یونٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھنا شروع ہو گئے ۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122،فائر بریگیڈز کی گاڑیاں اور ایمبو لینسز موقع پر پہنچ گئیں ۔امدادی کارکنوں نے کئی مقامات سے فیکٹری کی دیواریں توڑ کر پانی اندر پھینکا گیا جبکہ اسنارکلز کے ذریعے اوپر سے بھی پانی پھینکا جاتا رہا ۔

(جاری ہے)

بتایاگیا ہے کہ پروڈکشن یونٹ میں تھرمول پول شیٹس موجود ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا ۔ آتشزدگی سے پروڈکشن یونٹ میں پڑا کروڑوں روپے مالیت کا سامان اور گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں ۔

فیکٹری گارڈ کا کہنا ہے جب آگ لگی تب فیکٹر ی کے اندرویلڈنگ کا کام جاری تھا۔اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید اور دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کیلئے جاری آپریشن کی نگرانی کی ۔ لیسکو کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لئے علاقے کی بجلی بند کر دی گئی جس کی وجہ سے پانی کی بھی قلت پیدا ہو گئی ۔ بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی لوگ دوسروں علاقوں میں رہائش پذیر اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں چلے گئے ۔امدادی کارکنوں کی جانب سے آٹھ گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری رہا ۔