میئر لندن نے شہریوں کو موٹاپے سے محفوظ رکھنے کا بیڑا اٹھالیا

عوامی مقامات پر جنک فوڈ کے اشتہارات پر پابندی ، نوجوانوں بالخصوص کم عمر لڑکوں میں بڑھتے ہوئے موٹاپے کو کنٹرول کرنے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں،صادق خان

جمعہ 11 مئی 2018 23:08

میئر لندن نے شہریوں کو موٹاپے سے محفوظ رکھنے کا بیڑا اٹھالیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) لندن کے میئر صادق خان نے شہریوں کو موٹاپے سے محفوظ رکھنے کے لیے عوامی مقامات پر جنک فوڈ کے اشتہارات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نڑاد لندن کے میئر صادق خان نے شہریوں بالخصوص بچوں میں بڑھتے ہوئے موٹاپے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ’ٹائم بم‘ کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ٹھوس منصوبہ تیار کیا ہے۔

منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر بسوں، بس اسٹاپس، ٹیوبز، لندن اوور گراؤنڈ اور دیگر مقامات پر جنک فوڈ کے کسی بھی قسم کے اشتہارات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میئر لندن کا کہنا ہے کہ نوجوانوں بالخصوص کم عمر لڑکوں میں بڑھتے ہوئے موٹاپے کو کنٹرول کرنے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بچوں اور ان کے اہل خانہ کو جنک فوڈ اور ان جیسے دیگر مضر صحت کھانوں کے نقصانات سے آگاہی فراہم کریں اور انہیں بتائیں کہ کھانے پینے کی وہ کونسی اشیا ہیں جو موٹاپے کا سبب بن رہی ہیں۔

(جاری ہے)

میئر لندن کا کہنا ہے کہ بچوں میں موٹاپے کے حوالے سے لندن یورپ کا بدترین شہر ہے موٹاپے کی وجہ سے بچوں کی صحت کے ساتھ ساتھ شخصیت پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ اشتہارات پر پابندی کے ذریعے موٹاپے میں کمی لائی جاسکتی ہے۔۔

متعلقہ عنوان :