Live Updates

ہم نے 50 سال ملک کیلئے کام کیا‘ لیہ میں پہلا خواتین کالج پیپلزپارٹی نے بنایا‘ جنوبی پنجاب کا صوبہ بھی پیپلزپارٹی بنائے گی‘ بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 11 مئی 2018 00:20

لیہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے 50 سال ملک کیلئے کام کیا‘ لیہ میں پہلا خواتین کالج بھی پیپلزپارٹی نے بنایا‘ جنوبی پنجاب کا صوبہ بھی پیپلزپارٹی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لیہ میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ لیہ میں جس نے بھی پارٹی چھوڑی وہ دوبارہ ایوان میں نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سکارپ ٹیوب ویل سکیم کے تحت دیہات میں پانی اور بجلی بھی دی‘ جنوبی پنجاب کے چارکروڑ عوام کو کس نے آواز دی ان کے حقوق کیلئے ہم نے آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں جب ہم نے جنوبی پنجاب صوبے کا بل پیش کیا تھا آج نئے صوبے کی بات کرنے والے اس وقت کہاں تھے‘ پانچ سال تک قومی اسمبلی میں انہوں نے ایک لفظ نہیں بولا‘ آج انہیں جنوبی پنجاب یاد آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے جھوٹے وعدے سب نے سُنے ‘ پہلے بھی اس نے بہت وعدے کیے‘ کے پی کے میں کیا دہشت گردی ختم ہوگئی‘ کیا وہاں تعلیم اور صحت کا نظام ٹھیک ہوا‘ پی ٹی آئی کی نہ نیت ٹھیک ہے اور نہ ہی ان میں صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کی بات کرنے صوبے کے نام پر ووٹ لینے آئے ہیں‘ موسمی پرندوں نے اس وقت ہمارا ساتھ نہیں دیا تھا جب ہم نے صوبے کی بات کی تھی‘ جنوبی پنجاب کا صوبہ بھی پیپلزپارٹی بنائے گی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مخدوم احمد محمود نے بھی خطاب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات