ابلاغیات کی ترقی نے دنیا میں پھیلی ہر طرح کی معلومات تک رسائی کو سادہ اور آسان بنا دیا ہے‘ وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی

جمعرات 10 مئی 2018 23:50

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا ہے کہ ابلاغیات کی ترقی نے دنیا میں پھیلی ہوئی ہر طرح کی معلومات تک رسائی کو سادہ اور آسان بنا دیا ہے، آج ہم ملکی و غیر ملکی، سیاسی، اقتصادی، معاشی اور معاشرتی حوالوں سے دنیا کے کسی ایک کونے میں ہونے والی پیشرفت کو اپنے گھر یا دفتر میں بیٹھے ہوئے جان سکتے ہیں اور یہ ساری ترقی میڈیا کی مرہون منت ہے۔

وہ جمعرات کو یونیورسٹی کے کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائم کیمپس ٹی وی کے طلباء و طالبات کوایک ماہ کی ٹریننگ کے بعد سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ میڈیا کسی بھی معاشرے کی آنکھ ہوتا ہے اور معلومات کا تجزیہ کر کے اسے لوگوں تک پہنچانا اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، ابلاغیات کی دنیا میں سائنسی و تکنیکی ترقی سے عہدہ براء ہونے کیلئے ہمیں اپنے طلباء کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا اور انہیں خوشی ہے کہ یونیورسٹی کا کیمپس ٹی وی یہ ذمہ داری بخوبی سر انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز یونیورسٹی کے جدید ترین شعبوں میں سے ایک ہے اور اس شعبہ کے پروفیسرز و اساتذہ کا اپنے طلباء کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات یونیورسٹی کے دوسرے تعلیمی شعبوں کیلئے قابل تقلید ہیں۔ کیمپس ٹی وی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ماجد الغفار نے وائس چانسلر کو کیمپس ٹی وی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کی ٹریننگ کے دوران طلباء کو کیمرہ مین سے پروڈکشن تک کے مراحل کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد وہ جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت کی بدولت ملک و قوم کی بہتری کیلئے کام کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کیمپس ٹی وی میں مزید جدت لانے کیلئے اسے ڈرون کیمروں اور دیگر ہائی ٹیک آلات سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ موجودہ دور کی سٹیلائیٹ میڈیا کوریج کے بارے میں طلباء و طالبات کو آگاہ کیا جا سکے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں افسران اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ٹریننگ مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔