سعودی عرب کے بعد بحرین بھی کھلم کھلا اسرائیل کی حمایت میں سامنے آ گیا

اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے،بحرینی وزیر خارجہ کی شام پر اسرائیلی حملے کی حمایت

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 10 مئی 2018 22:57

سعودی عرب کے بعد بحرین بھی کھلم کھلا اسرائیل کی حمایت میں سامنے آ گیا
منامہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 10 مئی 2018ء ) : ایران اور اسرائیل کے مابین حالیہ کشیدگی پرسعودی عرب کے بعد بحرین بھی کھلم کھلا اسرائیل کی حمایت میں سامنے آ گیا۔ بحرینی وزیر خارجہ شیخ خالد الخلیفہ نے شام پر اسرائیلی حملے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران اور اسرائیل میں حالیہ کشیدگی اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔

اس کشیدگی کا آغاز تب ہوا جب گزشتہ روز اسرائیل نے شامی دارالحکومت دمشق کے مضافات میں ایک فوجی اڈے کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا۔اس حملے میں شامی افواج اور انکے حامیوں کے 5 فوجیوں کی شہادت ہو گئی تھی جس کے بعد ایران نے بھی اسرائیل کو اس حملے کا جواب دینے کی دھمکی دے ڈالی۔ایران کے پاسدرانِ انقلاب نے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی پوزیشنز کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر پر 20 راکٹ داغے ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیل کے مطابق ایران کی اس میزائل باری سے اسکی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔ تاہم ایران کی جانب سے اس الزام کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی درعمل سامنے آیا ہے۔راکٹ حملوں کی جوابی کارروائیوں میں ایران کے اسلحے کے ڈپو، لاجسٹک مراکز اور انٹیلیجنس مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ شامی سکیورٹی فورسز کے ایئر ڈیفنس نے اسرائیلی جارحیت کی مزاحمت کرتے ہوئے اس کے بڑی تعداد میں میزائل مار گرائے ہیں تاہم اسرائیلی میزائل محدود پیمانے پر اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔

اس حالیہ کشیدگی کے بعد اس حوالے سے مختلف ممالک کی جانب سے رد عمل سامنے آ رہا ہے۔ایران اور اسرائیل کے مابین حالیہ کشیدگی پرسعودی عرب کے بعد بحرین بھی کھلم کھلا اسرائیل کی حمایت میں سامنے آ گیا۔ بحرینی وزیر خارجہ شیخ خالد الخلیفہ نے شام پر اسرائیلی حملے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے۔یاد رہے کہ خلیجی ممالک ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ ایران انکے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتا ہے اور اس صورتحال میں خلیجی ممالک پہلے ہی ایران کے رویے سے نالاں ہیں۔ جبکہ ایران ان الزامات کو پہلے ہی مسترد کر چکا ہے ۔