پاکستان میں ہونے والا وہ ایک کام جس کی تعریف بل گیٹس بھی کرنے پر مجبور ہوگئے

ٹیکنالوجی کے استعمال پر پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، بل گیٹس

جمعرات 10 مئی 2018 23:42

پاکستان میں ہونے والا وہ ایک کام جس کی تعریف بل گیٹس بھی کرنے پر مجبور ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ ترقی کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے سرپرست اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے امریکا میں ملاقات کی جس میں انہوں نے ترقی کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر پاکستان کی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ بل گیٹس کی جانب سے ان کے کاموں کی بطور عالمی کامیابی تحسین و ستائش بہت حوصلہ افزا ہے۔ڈاکٹر عمر سیف نے بل گیٹس کو بتایا کہ صوبہ پنجاب کے 18 فیصد علاقوں کے بچوں میں بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے ٹیکے لگائے گئے تھے تاہم ان کی ٹیم کے تیار کردہ کئی اہم اور منفرد نظاموں کی وجہ سے دو سال سے بھی کم عرصے میں یہ شرح 18 فیصد سے بڑھ کر 88 فی صد ہو گئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے اسمارٹ فون کی بنیاد پر کام کرنے والا نظام بھی پیش کیا جس کے ذریعے پنجاب سے ڈینگی کے خاتمے میں مدد ملی، اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر عمر سیف نے گیٹس فاؤنڈیشن میں دوسری ٹیموں سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں جی آئی ایس کی بنیاد پر فصل کا تخمینہ لگانے کی زرعی ٹیکنالوجی اور مالی شمولیت کے اپنے اقدامات سے متعارف کروایا۔