اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کاروائیاں 2ارب 39کروڑ روپے بین الاقوامی مالیت کی226 کلو گرام منشیات برآمد

جمعرات 10 مئی 2018 23:11

اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک گیر کاروائیاں 2ارب 39کروڑ روپے بین الاقوامی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 27ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2ارب 39کروڑ روپے بین الاقوامی مالیت کی226 کلو گرام منشیات،610 لٹرممنوعہ کیمیائی مواد اور 670 نشہ آور گولیاں برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 3 خواتین سمیت 30ملزمان کوگرفتاراور7 گاڑ ی بھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 121.3 کلو گرام چرس، 38کلوگرام ہیروئن،64.2 کلو گرام افیون، 2.9کلو گرام ایمفیٹا مائن، 610 لیٹر ممنوعہ کیمیائی مواد اور 670 ریسٹو ریل (Restoril) گولیاں شامل ہیں۔

جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران سور گل ، تحصیل دالبدین، ضلع چاغی کے غیر آباد پہاڑی علاقے سے 560 لیٹر ایسیٹون قبضے میں لے لی۔

(جاری ہے)

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کلی ودیان، تحصیل نوکنڈی، ضلع چاغی میں واقع گوالا سٹاپ کے قریب چھاپہ مار کر 50 کلو گرام افیون اور 50 لیٹر ممنوعہ کیمیائی مواد برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔ اے این ایف راولپنڈی نے جیلانی سی این جی اسٹیشن، ترامڑی چوک اسلام آباد کے قریب کاروائی کے دوران اسلام آباد کے رہائشی طاہر عباس نامی ملزم کے قبضے سے 1کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے راحت بیکری ، ایئرپورٹ روڈ، راولپنڈی کے قریب بنوں کے رہائشی محمد مصطفی نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 600 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے حافظ فلور ملز، جی ٹی روڈ، فقیر آباد، اٹک کے قریب موٹرسائیکل پر سوار اٹک کے رہائشی صابر خان اور خرم شہزاد نامی 2 ملزمان کے قبضے سے 300 گرام ہیروئن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے کار چوک، بوستان خان رود، راولپنڈی کے قریب موٹرسائیکل پر سوارکوہاٹ کے رہائشی وقاص خان نامی ملزم کے قبضے سے 2.4 کلو رگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PA-274 سعودی عرب جانے والے نوشہرہ کے رہائشی مخلص تاج نامی مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف لاہور نے امین پارک سٹاپ، جامعہ مسجد ابوبکر صدیق، بند روڈ ، لاہور سے لاہور کے رہائشی محمد عمران نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے ایک کورئیر سروس کمپنی کے پشاور میں واقع دفتر سے کینیڈا کے لئے بُک کئے گئے کتابوں کے ایک پارسل کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے قبضے میں لے کر اس میں موجود چھ کتابوں سے 2.6 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے پرواز نمبر EK-623 سے سعودی عرب روانہ ہونے والے گُجرات کے رہائشی غلام عباس نامی ملزم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے گرفتار کر کے اس کے سوٹ کیس میں چھپائی گئی 4.2 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے ملتان کے رہائشی دو ملزمان جاوید عرف بائو اور محمد شہزاد کو فیصل آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ملزمان کے بریف کیس کی تہہ میں چھپائے گئے 670 ریسٹورل کیپسول برآمد کر لئے جن کا وزن 170 گرام تھا۔ پانچویں کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے پرواز نمبر NK-892 سے چین روانہ ہونے والے چار سدہ کے رہائشی خالد خان کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ملزم کے پاس موجود ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 900 گرام ہیورئن برآمد کر لی۔

چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے کراچی کے رہائشی زبیر احمد نعیم کو کھوکھر چوک، جوہر ٹائون ،لاہور کے قریب سے گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 3.1 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ساتویں کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور شاہین ائیرلائن کی فلائیٹ نمبر NL-753 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہونے والے مردان کے رہائشی حشمت علی کو فیصل آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے بیگ میں چھپائی گئی 900 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔

اے این ایف پشاور نے پشاور انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر دوران کاروائی سوات سے تعلق رکھنے والے شیر زادہ نامی ملزم اور اسکی خاتون ساتھی آمنہ کو گرفتار کر کے ان کے پاس موجود سوٹ کیس میں چھپائی گئی 4.37 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔ دوسری کاروائی کے دوران ،اے این ایف پشاور نے آبدرہ روڈ، پشاور کے قریب سے خیبر ایجنسی کے رہائشی یحییٰ خان کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پجگی روڈ ، پشاور کے قریب واقع تبلیغی مرکز کے قریب ایک مزدا ٹرک کو روک کو اسکے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.2 کلوگرام افیون اور 8.4 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ٹرک میں موجود پشاور کے رہائشی محمد ایوب اور گُل اعظم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹال پلازہ پشاور کے کے قریب سے پشاور کے رہائشی مراد خان نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 500گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

پانچویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی کے دوران شاہین ائیرلائن کی پرواز نمبر NL-721 سے جدہ روانہ ہونے والے سوات کے رہائشی لقمان، شہر بانو اور اور خسینہ نامی تین ملزمان کو ہیروئن بھرے کیپسولوں کی معدے میں موجودگی کے شبہ پر پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ، پشاور میں داخل کروایا گیا جہاں ملزمان کے معدوں سے مجموعی طور پر 1.54 کلوگرام وزن کے 238 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔

چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹال پلازہ ،پشاور سے سیالکوٹ کے رہائشی علی حسن نامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے انڈر گارمنٹس میں چھپائی گئی150 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ساتویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے رنگ روڈ ، پشاور کے قریب سے ایک لاوارث سوزوکی مہران کار کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 6 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

آٹھویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور شاہ مقصود موٹروے ٹال پلازہ، ہری پور کے قریب سے ایک مسافر ویگن میں سوار خیبر ایجنسی کے رہائشی محمد طالب کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 730 گرام چرس برآمد کر لی۔ نویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے خیبر ٹیچنگ اسپتال، پشاور کے قریب ایک نسان کار کو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 12 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

گاڑی میں موجود خیبر ایجنسی کے رہائشی خان ولی اور کرک کے رہائشی حمید اللہ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ دسویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے چارسدہ انٹرچینج سے ایک لاوارث ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 12 کلوگرام افیون اور 40.8 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گیارویں کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے رحیم یار خان کے رہائشی محمد سعید نامی ملزم کو کوہاٹی پُل، کوہاٹ روڈ، پشاور سے گرفتار کر کے اس کے پاس موجود سوٹ کیس میں سے 47.7 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف کراچی نے مین یونیورسٹی روڈ ، کراچی پر واقع ایک تعلیمی ادارے کے قریب سے کراچی کے رہائشی بشیر احمد نامی ایک موٹر سائیکل سوار کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے کوٹڑی پھاٹک، جامشورو کے قریب سے حیدر آباد کے رہائشی غلام قادر اور محمد عمرنامی دو ملزمان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 2.5 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔