پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چئیر مین عمر سیف کی بل گیٹس سے ملاقات

پاکستان میں ٹکنالوجی کی بنیاد پر ہونے والی تبدیلیوں پر بل گیٹس کا خوشی کا اظہار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 مئی 2018 16:09

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چئیر مین عمر سیف کی بل گیٹس سے ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2018ء) : پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چئیرمین ڈاکٹرعمر سیف نے مائیکروسافٹ کمپنی کے چئیرمین اور دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس سے ملاقات کی۔ بل گیٹس سے ملاقات میں ڈاکٹر عمر سیف نے انہیں ٹیکنالوجی کے پاکستان میں استعمال اور مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ بل گیٹس سے ملاقات کر کے مجھے بے حد خوشی ہوئی، انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ڈیٹا کی حفاظتی کوریج سمیت ڈینگی سے بچاؤ اور پاکستان میں صحت کے شعبے میں ہونے والی ترقیوں اور اصلاحات سے متعلق ان کو آگاہ کیا۔ بل گیٹس نے کہا کہ میں نے دنیا بھر کے کسی ملک میں ٹیکنالوجی کی بنیاد پر اتنی تیز بدلاؤ نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ بل گیٹس سے ملاقات میں ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

خیال رہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چئیرمین ڈاکٹر عمر سیف نے ٹیکنالوجی کے محکمے میں اپنی گراں قدر خدمات پیش کی ہیں۔ حال ہی میں پاکستان انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف یونیسکو کے چیئرپرسن منتخب ہوئے۔ڈاکٹر عمر سیف کا نام اسلامی دنیا کی 500 سر فہرست بااثر شخصیات میں بھی شامل ہوا۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف کے آئی ٹی کے میدان میں انقلابی اقدامات اور خصوصاً پنجاب میں ای گورننگ اور ایم گورننگ کو عالمی اداروں اور ورلڈ بنک، بی بی سی، سی این این اور نیویارک ٹائمز نے سراہا ۔

عالمی اداروں کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عمر سیف نے تین سال قبل آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین کا چارج سنبھالتے ہی وہاں سے کرپٹ مافیا کا خاتمہ کر دیا۔