شام کے دارلحکومت دمشق میں اسرائیلی حملے سے آٹھ ایرانیوں سمیت 15 ہلاک

میزائل عسکری تنصیب پر داغے گئے،فضائی دفاعی نظام نے متعدد اسرائیلی میزائلوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا،سرکاری میڈیا

جمعرات 10 مئی 2018 12:23

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) شام کے دارالحکومت دمشق میں بدھ کے روز مبینہ اسرائیلی حملوں میں آٹھ ایرانی فوجیوں سمیت کم سے کم 15 غیر ملکی جنگجو ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد نے دمشق کے نواحی علاقے الکسوی میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی۔

دوسری جانب شامی حکومت کے میڈیا نے تصدیق کی کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد اسرائیلی میزائلوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ یہ میزائل دمشق کے نزدیک شامی حکومت کی ایک عسکری تنصیب پر داغے گئے تھے۔انسانی حقوق گروپ کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کارروائی میں کم سے کم پندرہ غیر ملکی عسکریت پسند ہلاک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ان میں آٹھ ایرانی فوجی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے دمشق کے جنوب مغربی نواح میں الکسوہ کے علاقے کے قریب عسکری ٹھکانوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے دمشق میں مزید میزائل حملے بھی کیے ہیں جن کی تفصیلات جلد ہی سامنے آ رہی ہیں۔شام میں 2011 سے شروع ہونے والے تنازع کے بعد اسرائیل کئی مرتبہ شامی حکومت کی فوج اور شام میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بم باری کر چکا ہے۔