سعودی عرب کی بھارت سمیت متعدد ملکوں پر مہربانیاں ، پاکستان کے ساتھ رویہ سخت

بھارت سمیت دیگر ممالک کیلئے سعودی ویزا فیس میں 1695 ریال کمی جبکہ اس رعایت کا اطلاق پاکستان پر نہیں ہوگا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 9 مئی 2018 00:03

سعودی عرب کی بھارت سمیت متعدد ملکوں پر مہربانیاں ، پاکستان کے ساتھ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 08مئی 2018ء ) سعودی عرب کی بھارت سمیت متعدد ملکوں پر مہربانیاں جاری جبکہ پاکستان کے ساتھ سخت رویہ برقرار ہے۔سعودی عرب نے بھارت سمیت دیگر ممالک کیلئے سعودی ویزا فیس میں 1695 ریال کمی کر دی جبکہ اس رعایت کا اطلاق پاکستان پر نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ اسلامی تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں ۔

سعودی عرب نے ہر مشکل حالت میں پاکستان کا نہ صرف ساتھ دیا بلکہ عملی اقدامات بھی کئیے ہیں۔دوسری جانب پاکستان نے بھی ہر عالمی اور علاقائی معاملے پر سعودی حکومت کا ساتھ دیا ہے۔تاہم یمن فوجیں بھیجنے سے انکار پر برادار اسلامی ملک اور پاکستان میں معمولی خفگی پیدا ہو گئی تھی جس کے بعد سعودی حکومت پاکستان سے کچھ کھنچی کھنچی نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

تا ہم پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ابھی بھی مثالی ہیں لیکن کچھ عرصے سے سعودی حکام کا جھکاو پاکستان کی جانب نہیں ہے۔اسکی تازہ ترین مثال حالیہ سعودی ویزوں کی فیس میں کمی کا معاملہ ہے۔سعودی عرب نے بھارت سمیت یورپ اور دیگر عرب ممالک کیلئے یکم مئی سے ویز ا پالیسی میں نرمی کرتے ہوئے 90دن کے سیاحتی ویزا فیس 2000 ریال سے کم کرکے 305 ریال تک کم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اس پالیسی کا اطلاق پاکستان پر نہیں ہوگا۔

اسی طرح 180دن اور 360 دن کے ویزا کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان کیا ہے حیران کن بات یہ ہے کہ نئی پالیسی کا اطلاق پاکستان سے جانے والے افراد پر نہیں ہوگا۔اس حوالے سے سعودی حکام کا کہنا تھا کہ ویزا فیس میں کمی کے حوالے سے پاکستانی حکام کے ساتھ معاملات طے نہیں پا سکے۔یاد رہے کہ پاکستانی شہریوں کو سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ حاصل کرنے ایک لاکھ سے تین لاکھ پاکستانی روپے بطور فیس ادا کرنے ہوتے ہیں۔