خیبر پختونخوا کے 22 پرائیویٹ اسکولز کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی سفارش

منگل 8 مئی 2018 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے نجی سکولوں کے نگران ادارے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر صوبے کے بائیس نجی سکولوں کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں قانون ساز ادارے کے نگہبان نے قانون کی دھجیاں اڑادیں، اسپیکر اسد قیصر کے تعلیمی اداروں کا یکمشت فیسیں نہ لینے کے احکامات تسلیم کرنے سے انکار پر پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی کی 22تعلیمی اداروں کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی سفارش کردی۔

خیبرپختونخوا میں تعطیلات کے دوران یکمشت فیسوں کے خلاف ریگولیٹری اتھارٹی حرکت میں آئی، ریگولیٹری اتھارٹی حرکت میں تو سرکاری احکامات سے روگردانی کرنے والوں میں اسپیکر صوبائی اسمبلی اسدقیصر کانام بھی نکلا جس پر ان کا ادارہ کارروائی کی زد میں آیا، اتھارٹی نے 22اداروں کے اکاونٹس بند کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کو مراسلہ بھیج دیا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شیڈول بینکوں کو پابند کیا جائے کہ ان 22 اسکولوں کے اکاونٹس منجمد یا سیل کر دیے جائیں تاکہ یہ اسکول حکومت کے احکامات کے پابند رہیں۔اکاؤنٹس بند ہونے پر بھی تعلیمی ادارے باز نہ آئے تو ان کا انتظام ریگولیٹری اتھارٹی اپنے ہاتھ میں لے لے گی۔