بھارت نے پورے کشمیر کو لہولہان کردیا ہے، اشرف صحرائی

وادی کشمیر میںہر طرف آہ و بکاہ کا سماں ہے، پوری قوم ماتم کررہی ہے، ہر طرف معصوموں کی لاشیں بکھری ہوئی ہیں کیونکہ بھارتی فورسز نے نہتے عوام کے خلاف ایک خونریز جنگ چھیڑرکھی ہے‘ سینئر رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس

منگل 8 مئی 2018 18:06

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگرکے علاقے چھتہ بل اور شوپیاں کے علاقے بڑی گام میںبھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے پورے کشمیر کو لہولہان کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوںشوکت احمد ٹاک ، فیاض احمد حمال ، صدام پڈر، پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق بٹ، توصیف احمد شیخ، مولوی بلال احمد ، عادل احمد،آصف احمد میر ، زبیر احمد بنگرو ، یاسر احمد، عادل احمد ، سجاد احمد اور عادل احمد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وادی کشمیر میںہر طرف آہ و بکاہ کا سماں ہے، پوری قوم ماتم کررہی ہے، ہر طرف معصوموں کی لاشیں بکھری ہوئی ہیں کیونکہ بھارتی فورسز نے نہتے عوام کے خلاف ایک خونریز جنگ چھیڑرکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف اپنی فورسز کونہتے کشمیریوںکے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، بلکہ کشمیریوں کی نسل کشیٴْ پرانہیں تمغوں ، ترقیوں اورانعامات سے نوازاجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ انہی ترقیوں اور تمغوں کے حصول کی دوڑ میں بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کا قتل عام اور نسل کشیٴْ جاری رکھے ہوئے ہے۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے بھارتی حکمران ہر قسم کے ہتھکنڈے آزما کر دیکھ چکے ہیںتاہم وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نہ کبھی بھارت کے فوجی تسلط کو کبھی دل سے قبول کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر میں خون کی ہولی کھیل کر تحریک آزادی کو کمزور کرنے میںہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ ادھر تحریک حریت کے رہنماء بشیر احمد قریشی کی قیادت میں ایک وفد نے شوپیان میں شہید ہونیوالے نوجوانوںصدام پڈر، مولوی بلال احمد،توصیف احمد شیخ، عادل احمد ملک اور نثار احمد کمہارکی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اس موقع پر منعقدہ تعزیتی جلسوں سے خطاب کیا۔

وفد میں سید ظہور الحق گیلانی اور شوکت احمد بھی شامل تھے۔ محمد رفیق اویسی اور معراج الدین ربانی پر مشتمل تحریک حریت کے ایک اور وفد نے گاندربل جاکر شہید ڈاکٹر محمد رفیق بٹ کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ محمد یوسف مجاہد اور غلام محمد ہرہ شہید نوجوان شوکت احمد ٹاک کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کیلئے ان کے گھر گیا۔