پشاور میں جاری انڈر 23گیمز میں کرکٹ کے سوا تمام مقابلے اختتام پذیر

منگل 8 مئی 2018 14:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) پشاور میں جاری انڈر23 کھیلوں میں سوائے کرکٹ کے تمام مقابلے اختتام پذیر ہو گئے جن میں پشاور نے مجموعی طور پر صوبائی چمپیئن ہونے کااعزاز اپنے سر سجایا۔ پشاور نے خواتین کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 9کھیلوں میں پہلی اور دو میں دوسری پوزیشن حاصل کی، مردان کی ٹیم نے مجموعی طور پر تین کھیلوں میں اول اور 10کھیلوں میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ ہزارہ نے تین کھیلوں میں اول اورایک میں دوئم پوزیشن کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔

اس کے علاوہ سوات نے ایک میں اول اور ایک میں میں دوسری ،کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان نے ایک ایک کھیل میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور بنوں کی کوئی بھی خواتین ٹیم کامیابی نہ سمیٹ پائی۔

(جاری ہے)

صوبائی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے یہ مقابلے عبد الولی خان چارسدہ سپورٹس کمپلکس ،ایلمنٹری کالج تخت بائی، پشاور یونیورسٹی اور پشاور بورڈ میں منعقد ہوئے، تین روز تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں رسہ کشی ایونٹ کے فائنل میں ہزارہ نے پشاور کو شکست دی، سکوائش میں پشاور نے مردان کو فائنل میں زیر کیا ،نیٹ بال میں میدان سوات کے ہاتھ رہا جبکہ مردان دوسرے نمبر پر رہا۔

جوڈو کے فائنل میں مردان نے کوہاٹ کو ، بیڈ منٹن کے فائنل میں مردان نے پشاور کو ، رائونڈر میں مردان نے ہزارہ کو شکست دے کر ان کھیلوں میں اول پوزیشن حاصل کی ، تائیکوانڈواور ووشو میں ہزارہ نے پہلی اور ڈیرہ اسماعیل خان اور مردان نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن لی ،اسی طرح دیگر کھیلوں بشمول ہینڈ بال ، ہاکی ، اتھلیٹکس ، ٹیبل ٹینس ، والی بال اور لان ٹینس میں پشاور نے اول اور مردان نے دوئم پوزیشن کا تاج اپنے سرسجایا ،بیس بال کے فائنل میں پشاور نے سوات کو شکست دی خواتین کے ان مقابلوںکے اختتام پر ڈپٹی کمشنر چارسدہ ، ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ ، ڈائریکٹر سپورٹس کے پی کے رشیدہ غزنوی اور ڈائریکٹر سپورٹس ڈویلپمنٹ سلیم رضا نے خواتین کھلاڑیوں میں ٹرافیاں میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

اول آنے والی ٹیموں کو 50 ہزار اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 30 ہزار روپے کے نقد انعامات کھلاڑیوں میں موقع پر تقسیم کیے گئے ۔