سپریم جوڈیشل کونسل،ججزتعیناتی کاطریقہ کاردرست کرناہوگا،نوازشریف

پارٹی اجلاس کی صدارت، احسن اقبال پرحملے کی مذمت،احتساب صرف سیاست دانوں کا ہوتا ہے،انتخابات میں کامیابی کے بعد احتساب کا نیا نظام ضرورلائینگے،قائد نون لیگ کاپارٹی اجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 مئی 2018 14:37

سپریم جوڈیشل کونسل،ججزتعیناتی کاطریقہ کاردرست کرناہوگا،نوازشریف
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل اورججزکی تعیناتی کاطریقہ کاردرست کرنا ہوگا، احتساب صرف سیاست دانوں کا ہوتا ہے، انتخابات میں کامیابی کے بعد احتساب کا نیا نظام ضرورلائینگے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نوازشریف آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی، خواجہ آصف، وزیرریلوے سعدرفیق، پرویزرشید، عرفان صدیقی، جاوید لطیف، بیرسٹرظفراللہ خان سمیت دیگررہنماء بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں عوامی مہم اوراحسن اقبال پرقاتلانہ حملے کے بعد کی صورتحال پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی کومنظم و فعال بنانے، انتخابی مہم کی حکمت عملی سمیت عدالتی اصلاحات کے معاملہ پر بھی مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

شرکاء اجلاس نے احسن اقبال پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی جبکہ شرکاء اجلاس نے وزیرداخلہ احسن اقبال کی جان محفوظ رہنے پراطمینان کا اظہاربھی کیا۔ اس موقع پرمسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کی انتخابی مہم پراثراندازہونےکی منفی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ احسن اقبال پر گولیوں سے وار گھناؤنی سازش ہے۔

مسلم لیگ ن کوہرطرف سےنشانہ بنایا جارہا ہے جوملک کیلئے ٹھیک نہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ ہمیں سپریم جوڈیشل کونسل اورججزکی تعیناتی کےطریقہ کارکودرست کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پارلیمنٹ کو اس حوالے سے مؤثرکردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں احتساب صرف سیاست دانوں کا ہوتا ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد احتساب کا نیا نظام ضرورلائیں گے۔