Live Updates

جنوبی پنجاب محاذ نے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا فیصلہ کر لیا

پی ٹی آئی چئیرمین سے ملاقات کے بعد کل حتمی فیصلے کا اعلان کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 8 مئی 2018 11:58

جنوبی پنجاب محاذ نے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مئی 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب محاذ کے مابین مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اور جنوبی پنجاب محاذ کے انضمام کا باقاعدہ اعلان کل ہو گا۔ جنوبی پنجاب محاذ کے 15 مستعفی اراکین پر مشتمل وفد کل پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی اور جنوبی پنجاب محاذ کے انضمام کا اعلان کیا جائے گا۔

اس انضمام سے متعلق پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اس انضمام کی مزید تفصیلات کل جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب محاذ کل پی ٹی آئی میں ضم ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جنوبی پنجاب محاذ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی نے لاہور میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنما خسرو بختیار کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب کے لوگوں میں احساس محرومی کو ہوا دی، مختلف سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے ملک میں نیا صوبہ ضرور بنے گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خسرو بختیار کا اصل مقام پی ٹی آئی ہی ہے۔یاد رہے کہ یاد رہے کہ 9 اپریل کو پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے 6 قومی اور 2 ارکان صوبائی اسمبلی نے مستعفی ہوکر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

رکن قومی اسمبلی خسرو بختیار نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بلخ شیر مزاری اس محاذ کے سرپرست ہوں گے۔ نئے صوبے کی تحریک میں طاہر اقبال، رانا محمد قاسم، باسط بخاری، سردار دریشک، چوہدری سمیع اللہ، سلیم اللہ چوہدری اور طاہر بشیر چیمہ بھی شامل ہیں۔ بعد ازاں اس محاذ میں مزید لوگ بھی شامل ہوئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات