احسن اقبال پر حملے کی بنیادی وجہ سیاست کے اندر غیر ذمہ دار لوگوں کے نفرت انگیز بیانات ہیں‘ سینیٹر عبد القیوم

امریکہ پاکستان سے شکیل آفریدی کی حوالگی کا مطالبہ نہیں کر سکتا ،ْپارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے سے بین الاقوامی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی ہے ،ْبیگم طاہرہ بخاری

پیر 7 مئی 2018 20:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر حملے کی بنیادی وجہ سیاست کے اندر غیر ذمہ دار لوگوں کے نفرت انگیز بیانات ہیں ،ْ امریکہ پاکستان سے شکیل آفریدی کی حوالگی کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کو آپس میں لڑا کر مفادات حاصل کئے جائیں، وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ بیمار ذہن کی عکاسی کرتا ہے جبکہ اس کی ایک بنیادی وجہ سیاست کے اندر غیر ذمہ دار لوگوں کے نفرت انگیز بیان بھی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان سے شکیل آفریدی کی حوالگی کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں را‘ موساد سمیت دیگر ایجنسیاں منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی بیگم طاہرہ بخاری نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے سے بین الاقوامی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ پر حملے کی مذمت کرتی ہوں، واقعہ سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے سکیورٹی پلان بنانے والے پر حملہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے سیکیورٹی پلان اور انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی۔