راجہ ظفرالحق سے عبدالرشید ترابی کی ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی پوری قوم اور جماعتیں متفق اور متحد ہیں،راجہ ظفر الحق کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کر لیا ہے حکومت پاکستان تحریک آزادی کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے حکمت عملی بنائے،عبدالرشید ترابی

پیر 7 مئی 2018 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین لیڈر آف دی ہائوس(سینیٹ) راجہ ظفر الحق سے کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے ملاقات کی اور کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی پوری قوم اور تمام جماعتیں متفق اور متحد ہیں ،کشمیر واحد مسئلہ ہے جس پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہے کشمیری قوم اور قائدین ہندوستان کی سنگینوں کے سائے تلے آزادی کے نعرے پر ڈٹے ہوئے ہیں اور لازوال قربانیاں رقم کررہے ہیں ،سید علی گیلانی اور دیگر قائدین حریت مشکل ترین حالات کے باوجود بھی پوری جرت ،بہادری اور استقامت کی علامت ہیں ،پاکستانی قوم اور سیاسی جماعتیں کشمیریوں کی پشت پر ہیں جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق مل نہیں جاتا اس وقت تک پاکستان کشمیریوں کی پشتیبانی جاری رکھے گا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے اپنے حصے سے بھی بڑھ کر کام کر لیا ہے اب ان کی آزادی کی تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے پاکستان کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا ،حکومت پاکستان اور پاکستان کی تمام جماعتیں آزادی کی اس تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے حالات کے مطابق حکمت عملی بنائیں ،مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے اندر پڑھے لکھے ڈاکٹرز،انجینئرزبندوق اٹھانے پر مجبور ہیں ،انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا گلہ ہے کہ جو ظلم ہندوستان کررہا ہے اس کے آگے کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں لیکن پاکستان کی طرف سے ہماری حقیقی ترجمانی کا حق ادا نہیں ہو رہا پاکستان کشمیریوں کو حقیقی ترجمانی کا حق ادا کرے ۔