Live Updates

خیبرپختونخوا انڈر23 گیمز کا آخری مرحلہ (کل) سے پشاورمیں شروع ہوگا ، جنید خان

صوبہ بھر سے تین ہزار سے زائد مرد وخواتین کھلاڑی 43 مختلف گیمز میں شرکت کرینگے ، ڈی جی سپورٹس

جمعہ 4 مئی 2018 23:37

خیبرپختونخوا انڈر23 گیمز کا آخری مرحلہ (کل) سے پشاورمیں شروع ہوگا ، ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) صوبہ خیبرپختونخوا میںکھیلوں کا سب سے بڑا میلہ (کل) سجے گا،کھیلوں کے اس میلے کا باقاعدہ افتتاح (کل) بروز ہفتہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کریں گے۔انڈر 23نام سے کھیلوں کا موجودہ حکومت کا یہ تیسرایڈیشن ہے جس میں صوبہ بھر سے تین ہزار کے قریب مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں دوسری جانب صوبہ بھر کے مختلف اضلاع سے کھلاڑیوں کے دستے اپنے آفیشل اور ٹیکنکل سٹاف کے ہمراہ پشاورپہنچ گئے ہیں ۔

انڈر 23میں مردوں کے 26جبکہ خواتین کے 17کھیلوں کے ساتھ مجموعی طورپر 43کھیلوں کے مابین مقابلے منعقد ہوں گے ،جسکے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ ان خیالات کااظہار ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا جنید خان نے گزشتہ روز قیوم سپورٹس کمپلیکس میں میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انکے ہمراہ ڈائریکٹر اپریشن سید ثقلین شاہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیزاللہ خان، اسسٹنٹ ڈائیریکٹر نعمت اللہ خان اور محکمہ کے دیگر آفیشل بھی موجود تھے۔

جنید خان نے بتایاہے کہ انڈر 23گیمرز کے تیسرے ایڈیشن میں صوبہ بھر کے کھلاڑیوںکیلئے کھیلوں کی سہولیات کے ساتھ بہترین انعامات بھی رکھے گئے ہیں تاکہ ان کھلاڑیوں کی احساس محرومی کاخاتمہ ہوسکے اور وہ لگن کے ساتھ میدانوں میں آسکے۔انہوںنے کہا کہ گیمز کے دوران سب کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات فراہم کی جارہی ہے ،جبکہ تمام گیموں کے مقابلے مختلف جگہوں پرترتیب دیے دیئے گئے ہیں جن میں پشاور سپورٹس کمپلیکس ، عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس ،پشاور یونیورسٹی، پشاور بورڈ اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس شامل ہیں ،انکا کہنا تھا کہ انڈر 23گیمز تین روز تک جاری رہے گے جسکے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور ساتھ ہی کمپلینٹ سیل بھی قائم کرلیا گیا ہے ، انہوںنے کہاکہ گیمز کو پرامن اور بہتر انداز میں منعقد کرنے کیلئے وولنٹیئرز بھی تعینات کئے جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ انڈر 23گیمز کو پرامن بنانے کیلئے سیکورٹی کا معقول انتظام کیا گیاہے جبکہ گیمز کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے لائے جائیں گے،جنید خان نے کہا کہ انڈر 23گیمز صوبائی حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے ایک بہترین ذریعہ ہے جس میں سب کھلاڑی اپنے فن کا لوہامنوانے کیلئے پراعتماد ہے ،انکاکہنا تھا کہ حکومت نے انڈر23کے نام سے شروع کی جانے والے گیمز کو بلارکاوٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہر سال صوبے کے کھلاڑیوںکو کھیلنے کیلئے مواقع مل سکے ، انہوںنے کہاکہ گیمز کے دوران تمام کھلاڑیوںکو مفت رہائش ، کٹس ، شوز اوردیگر سہولیات بہم پہنچائے جارہی ہے،انکے مطابق آج سہ پہر پانچ بجے اس گیم کا باقاعدہ افتتاح ہوگا جس میں رنگارنگ تقریبات کے علاوہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیاجائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات