وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعرات 3 مئی 2018 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فائر فائٹرز شہریوں کو آتشزدگی کے واقعات میںاپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ہر ممکن مدد فراہم کرتے ہیںاوریہ دن منانے کا مقصد مشکلات میں گھرے افراد کیلئے کی جانیوالی فائر فائٹرز کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فائر فائٹرز کا عالمی دن آتشزدگی کے حادثات کو روکنے اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے موثر،جامع اور مشترکہ کاوشوں کی ترجمانی کرتاہے اور آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے فائر فائٹرز کی یاد میں منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثات سے نمٹنے کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق فائر فائٹرز کی خصوصی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

فائر فائٹرز کی پیشہ وارانہ تربیت کے ذریعہ سے ناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم کیا جاسکتا ہے۔جان و مال کے ناقابل تلافی نقصان کے تناسب کو کم کرنے کیلئے فائر فائٹرز کا کرادر نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ بلند و بالا عما ر تو ں کو آگ سے بچا نے کیلئے سیفٹی کے مخصو ص اٴْصولوں پر عملدارآ مدانتہائی ضروری امر ہے۔یہی و جہ ہے کہ پنجاب حکومت نے فائر فائٹرز کی تربیت کو بہتر بنانے اور پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق اور اپنی ترجیحات کو نئے تصورات اور متبادلات سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ فائر فائٹرز کے ادارے کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے۔