قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی سمیت 5 افراد پر فرد جرم عائد،مفتی عبدالقوی سمیت پانچوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار،کیس کی اگلی سماعت پر عدالت نے گواہان کو بھی طلب کرلیا

جمعرات 3 مئی 2018 23:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) ملتان کی عدالت نے ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی سمیت 5 افراد پر فرد جرم عائد کردی۔مفتی عبدالقوی سمیت پانچوں ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا ہے۔کیس کی اگلی سماعت پر عدالت نے گواہان کو بھی طلب کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر متنازع ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کے قتل میں نامزد ملزمان مفتی عبدالقوی سمیت 5 افراد پر عدالت نے فردِ جرم عائد کردی۔

(جاری ہے)

قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے مفتی عبدالقوی، وسیم، حق نواز، آصف اور اسلم شاہین پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی جب کہ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو بھی طلب کرلیا ہے۔ دوسری جانب ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا ہے۔واضح رہے کہ 16 جولائی 2016 کو ماڈل قندیل بلوچ کواس کے بھائی وسیم حق نواز نے غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا تھا جب کہ ملزم نے پولیس اور میڈیا کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔