Live Updates

تحریک انصاف کااقامہ ہولڈر وزیر داخلہ کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ ،

خواتین کیخلاف نازیبا جملے بازی پر لیگی وزراء کے محاسبے کا مطالبہ ، شریف خاندان کی جانب سے قومی اداروں پر زبانی حملوں کی شدید مذمت ، احتساب کا عمل بلاتاخیر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور 29اپریل کے جلسے کے بعد نواز شریف بری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ان کا بیانیہ بے سروپا اور کنفیوژن سے بھرپور ہے عمران نے پاکستان کے توانا مستقبل کا فارمولا پیش کیا ،11 نکات ملک کو باعزت اور باوقار مستقبل سے ہمکنار کرنے کی ترکیب ہیں، تحریک انصاف کے سیکرٹر ی اطلاعات فواوچوہدری کی پارٹی اجلاس کے فیصلوں بار ے میڈیا کو بریفنگ

جمعرات 3 مئی 2018 23:49

تحریک انصاف کااقامہ ہولڈر وزیر داخلہ کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی قائدین کا اہم اجلاس ہوا،جس میںاقامہ ہولڈر وزیر داخلہ احسن اقبال کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ تحریک انصاف کی خواتین کیخلاف نازیبا جملے بازی پر لیگی وزراء کے محاسبے کا مطالبہ کیا گیا،اجلاس میں نواز شریف اور خاندان کی جانب سے قومی اداروں پر زبانی حملوں کی شدید مذمت کے ساتھ شریف خاندان کے احتساب کا عمل بلاتاخیر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کا اہم اجلاس چیئرمین عمران خان نے صدارت میںمنعقد ہوا۔اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 29اپریل کے جلسے کے بعد نواز شریف بری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،نواز شریف کا بیانیہ بے سروپا اور کنفیوژن سے بھرپور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر عمران خان نے پاکستان کے توانا مستقبل کا فارمولا پیش کیا۔عمران خان کے گیارہ نکات ملک کو باعزت اور باوقار مستقبل سے ہمکنار کرنے کی ترکیب ہیں۔تحریک انصاف کے قائدین ہر سطح پر چیئرمین کے گیارہ نکات اور نئے پاکستان کے تصور کو اجاگر کریں۔تحریک انصاف انتخابات کیلئے پوری طرح یکسو اور تیار ہے ۔نون لیگ نے ملکی معاشی اور سیاسی ڈھانچے کی تباہی میں پوری جانفشانی سے محنت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے انتظامی، معاشی اور سیاسی نظام میں نون لیگ کی جانب سے شامل کردہ آلائشیں دور کرنا ہونگی۔اجلاس میں نون لیگی وزراء کی جانب سے تحریک انصاف کی خواتین کیخلاف بیہودہ جملے بازی کی شدید مذمت کی گئی اور رانا ثناء اللہ، عابد شیر علی اور طلال چوہدری کے محاسبے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ بھی مکمل طور پر مسترد کردیا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پورے سال کی بجٹ سازی کا موجودہ حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں۔نون لیگ نے بجٹ میں انتہائی بے رحمی سے غریبوں کے مفادات پر ضرب لگائی۔بجٹ کا واحد مقصد ٹیکس چوروں اور مراعات یافتہ طبقے کے مفادات کی نگہداشت ہے۔اجلاس میں نواز شریف اور خاندان کی جانب سے قومی اداروں پر زبانی حملوں کی شدید مذمت کے ساتھ شریفوں کے احتساب کا عمل بلاتاخیر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ملک بھر میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کی بھی شدید مذمت کی گئی اور وزیر اعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ بھی مسترد کردیا گیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیاگیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں کی شرح کم کرکے عوام کی مشکلات میں کمی کی جائے۔اجلاس میں عالمی یوم صحافت کے موقع پر آزادء اظہار کی پشتیبانی کے عزم کا اظہارکیا گیااوراپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں جان سے گزرنے والے اہل قلم کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

جمہوریت کے استحکام و ترقی میں اہل صحافت کے کردار کا اعتراف اورمیڈیا کی آزادی اور صحافیوں کی بہبود مقدم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے نے حکومت سے اہل صحافت کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں اقامہ زدہ وزیر داخلہ احسن اقبال کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور خواجہ آصف کی طرح احسن اقبال کا بھی احتساب لازم ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات