عمران فاروق قتل کیس ،بانی ایم کیو ایم سمیت 7 ملزمان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 3 مئی 2018 22:56

عمران فاروق قتل کیس ،بانی ایم کیو ایم سمیت 7 ملزمان کے شناختی کارڈز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) عمران فاروق قتل کیس میں نامزد بانی ایم کیو ایم سمیت 7 ملزمان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ کے سربراہ مظہر الحق کاکاخیل کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خطوط میں ملزمان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے بانی ایم کیو ایم، افتخار حسین قریشی، کاشف کامران، محمد انوار اور زیر حراست ملزمان خالد شمیم، سید محسن علی اور معظم علی کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی۔ایف آئی اے کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ درخواست بھی وزارت داخلہ کو موصول ہو گئی ہے اور وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد ملزمان کے خلاف انتظامی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھیجے گئے تمام افراد کے نام 24 گھنٹوں کے اندر ای سی ایل میں شامل کر دئیے جائیں گے۔