سعودی عرب کی مسلح افواج کی ترکی میں مشترکہ جنگی مشقوں میں شرکت

مسلح افواج کے دستے دوست ممالک کے ساتھ مختلف فوجی مشقیں کررہے ہیں ،سعودی کمانڈر کرنل عبداللہ

جمعرات 3 مئی 2018 13:13

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) ترکی کے شہر ازمیر میں مختلف ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہوگئی ہیں ۔ان مشقوں میں سعودی عرب اور میزبان ترکی کے علاوہ متعدد ممالک کی تینوں مسلح افواج کے دستے اور خصوصی یونٹس حصہ لے رہے ہیں ۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے برّی اور بحری دستوں کے علاوہ شاہی فضائیہ کے پندرہ لڑاکا جیٹ بھی ان مشقوں میں شریک ہیں ۔

(جاری ہے)

سعودی کمانڈر کرنل عبداللہ بن محمد الضریبی نے بتایا کہ مسلح افواج کے دستے دوست ممالک کے ساتھ مختلف فوجی مشقیں کررہے ہیں ۔ وہ بحری مشقوں میں تلاشی اور جنگی ماحول میں ریسکیو کی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ یہ جنگی مشقیں شریک ممالک کی مسلح افواج کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہیں اور وہ متنوع فوجی تیکنیکوں کو اپنی حربی صلاحیت میں اضافے کے لیے بروئے کار لا سکتے ہیں ۔یہ دوسرا موقع ہے کہ سعودی عرب کی مسلح افواج ترکی میں ان ای ایف ای ایس مشقوں میں شریک ہیں ۔اس سے پہلے انھوں نے 2016ء میں ترکی میں منعقدہ ان مشقوں میں شرکت کی تھی۔