حکومت نے ایک درجن سے زائد خود کش حملے ناکام بنائے ہیں، ملک دشمن بلوچستان میں بدامنی پیدا کرکے سی پیک منصوبہ ناکام بنانا چاہتے ہیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 2 مئی 2018 23:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ ملک دشمن بلوچستان میں بدامنی پیدا کر سی پیک منصوبہ ناکام بنانا چاہتے ہیں موجودہ حکومت نے ایک درجن سے زائد خود کش حملے ناکام بنائے ہیں‘ ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو بھی گرفتار کیا ہے عوام کیساتھ ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کررہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کو دہشتگردی کا سامنا ہے ،دہشتگرد امن کی فضاء کو تباہ کرنے کے درپے ہیں ہم نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں بلوچستان کیساتھ متصل بارڈر سے دہشتگرد یہاں داخل ہوتے ہیں ،پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے ،جس سے دہشتگردی کی روک تھام میں مدد ملے گی ،انہوں نے کہاکہ ہم نے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی لیکن انہوں نے ہمیں بدلے میں دہشتگردی دی ہمیں پختہ شواہد ملے ہیں کہ دہشتگردی کے واقعات میں ہمسایہ ممالک ملوث ہیں ،انہوں نے کہاکہ دشمن بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر سی پیک کو ناکام بنانے کی کوشش کررہاہیں دشمن گوادر کو ترقی یافتہ اور سی پیک کو مکمل نہیں دیکھنا چاہتا ،سی پیک کے آغاز کیساتھ ہی دشمن نے بلوچوں کو ایندھن کے طورپر استعمال کرنا شروع کردیا اور یہاں دہشتگردی کے واقعات رونما ہوئے۔