پاکستان کا وہ شہر جہاں انسانی تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 2 مئی 2018 22:25

پاکستان کا وہ شہر جہاں انسانی تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا
نوابشاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) پاکستان کے شہر میں انسانی تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت کے سبب لاڑکانہ اور ضلع بے نظیر آباد میں سورج کا پارہ 49 اور 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جس کے باعث ہیٹ اسٹروک سے درجنوں افراد بے ہوش ہوگئے۔ گرمی کی شدت کے سبب گلیاں اور بازار ویران جبکہ تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہیں اور لوگوں نے پورا دن گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔

ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے والے افراد میں زیادہ تر مزدور اور موٹر سائیکل سوار تھے۔اس حوالے سے ڈاکٹرز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ لوگ زیادہ سے زیادہ پانی اور پھلوں کے رس کا استعمال کریں جبکہ کھانے پینے کی اشیا باہر سے خریدنے سے گریز کریں اور گھر میں تیار کریں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈاکٹرز نے شہریوں کو باہر نکلتے ہوئے سر کو سفید کپڑے سے ڈھانک کر رکھنے کی تجویز بھی دی۔

اس حوالے سے ایک امریکی ماہر موسمیات نے دعوی کیا ہے کہ نوابشاہ میں 30 اپریل کا دن اپریل کے ماہ میں زمین پر ریکارڈ کیا گیا گرم ترین دن تھا۔ اس سے قبل ایک میکسیکن شہر میں اپریل کے ماہ میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم اس کی تصدیق نہ کی جا سکی تھی۔ لیکن اب سندھ کے شہر نوابشاہ میں 30 اپریل کو درجہ حرارت 50.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل اپریل کے ماہ میں کسی ملک یا شہر میں درجہ حرارت اتنی بلند سطح تک کبھی نہیں پہنچا۔