امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے اہلکار ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا کر دیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی بدھ 2 مئی 2018 22:25

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے اہلکار ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا کر دیے ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 02مئی 2018ء) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے اہلکار شکیل آفریدی کو رہا کر دیے جانے کا امکان ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی گرفتاری میں مبینہ طور پر امریکہ کی مدد کرنے والے پاکستانی ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سزا اگلے مہینے پوری ہوجائے گی جس کے بعد ان کی رہائی کا امکان ہے۔

ڈاکٹر شکیل آفریدی کے وکیل قمر ندیم ایڈوکیٹ نے بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو تصدیق کی کہ ان کے موکل شکیل آفریدی کو ملنے والی سزا معافیاں لگنے کے ساتھ اگلے مہینے پوری ہورہی ہے جس کے بعد قومی امکان ہے کہ ان کو رہائی مل جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو مجموعی طورپر چار مختلف دفعات میں 33 سال کی سزا سنائی گئی تھی جس میں تین دفعات میں ان کو 30 سال جبکہ ایک دفعہ میں تین سال کی سزا دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم بعد میں ان کی طرف سے اپیل کی منظوری کے بعد ان کی دس سال کی سزا کم کردی گئی تھی۔ قمر ندیم کے مطابق اگر ملزم کی مجموعی سزا مسلسل شمار کی جائے تو اس کے تحت ان کی سزا معافیاں لگنے کے ساتھ اگلے مہینے پوری ہوجائے گی اور اس طرح ان کو جیل سے رہائی مل جائے گی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سنہ 2011 میں پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ امریکہ کےلیے جاسوسی کرتے تھے۔