ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا‘ چیئرمین سینیٹ

منگل 1 مئی 2018 23:24

ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا‘ چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ گوادر اور چاغی میں عالمی معیار کے فٹ بال سٹیٹڈیم بنانے کی خواہش ہے۔ وہ منگل کو یہاں 31ویں نیشنل چیس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے شطرنج کا اتنا علم نہیں، ہم سیاست کو ہی شطرنج سمجھتے تھے، بلوچستان کے لوگ فٹبال کو بہت پسند کرتے ہیں، میں ملک میں کھیلوں کا فروغ چاہتا ہوں، مجھے فٹبال کا شوق ہے،گواردر اور چاغی میں فٹبال اسٹیڈیم بنوانا چاہتا ہوں ۔

میری اپنی فٹبال کی دو ٹیمیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جو کر سکا، کروں گا، کھیلوں کے لیے جو تجاویز آئیں گی بھر پور تعاون کروں گا۔چیئرمین سینیٹ نے ذاتی طور پر چیس فیڈریشن کے لیے 2 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیس فیڈریشن آف پاکستان کی صدر سینٹر کلثوم پروین نے کہا کہ کھیلیں صحت مند معاشرے کی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان سپورٹس فیڈریشن نے بھر پور تعاون کیا۔