تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت مشترکہ فوجی مشقیں کرینگے

فوجی مشقیں روس کے یورل پہاڑوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ہوں گی دہشتگری کیخلاف مشقوں کا فیصلہ چینی صدر اور بھارتی وزیراعظم نے حالیہ ملاقات میں کیا

پیر 30 اپریل 2018 22:05

نئیدہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) بھارت اور پاکستان کی مسلح افواج تاریخ میں پہلی بار روس میں مشترکہ فوجی مشقیں کریں گی، یہ فوجی مشقیں ستمبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے جھنڈے تلے ہوں گی،دونوں ممالک کے فوجی دستے بعض اوقات اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت اگھٹے ضرور کام کرتے ہیں لیکن اس سے پہلے دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے کبھی مشترکہ فوجی مشقیں نہیں کی تاہم اس بار وہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل ممالک کے فوجی دستوں کے ساتھ شامل ہوں گے جن میں روس اور چین بھی شامل ہیں،بھارتی وزیردفاع نرمیلا ستھارا مین نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ان مشقوں کا فیصلہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء دفاع کے اجلاس بیجنگ میں گذشتہ ہفتے کیا گیا تھا،یہ مشقیں دراصل دہشتگردی کیخلاف مہم کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

چین میں چینی صدر شی جن پھنگ اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے درمیان حالیہ ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ مفاہمت اور سرحدوں پر امن کے قیام کیلئے زور دیا گیا تھا۔امن مشن کے نام سے یہ فوجی مشقیں روس کے یورل پہاڑوں میں ہوں گی اور ان کا اصل مقصد دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔