وفاقی وزیر شہباز بھٹی اور چوہدری ذوالفقار قتل کیس کے مبینہ ملزم کے اغواء کا معاملہ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کو 21مئی کو طلب کرلیا

پیر 30 اپریل 2018 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر شہباز بھٹی اور چوہدری ذوالفقار قتل کیس کے مبینہ ملزم کے اغوا کے معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کو 21مئی کو طلب کر لیا، گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے مغوی کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، فاضل جج نے جب سماعت شروع کی تو درخواست گزار کی جانب سے خاور رمیز بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جب سماعت شروع ہوئے تو فاضل جج نے ریمارکس دیئے پولیس خفیہ اداروں کے خلاف تفتیش کر سکتی ہے کہ نہیں درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا شہباز بھٹی اور چوہدری ذوالفقار قتل کیس کا ملزم پراسرار طور پر غائب ہے 2015ء میں عبداللہ کو آئی نائن سے اغوا کیا گیا، دوران سماعت ایس ایچ او آن لائن عدالت میں پیش ہوئے جس پر فاضل جج نے استفسار کیا ایک ایس ایچ او رینک کا افسر اس کیس میں کچھ نہیں کر سکتا، بعدزاں عدالت نے حکم دیا اس کیس میں آئی جی پولیس خفیہ اداروں کی تفتیش کے حوالے سے بیان حلفی عدالت میں جمع کروائے اور انسپکٹر جنرل پولیس ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 21مئی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

۔