مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے‘ محمد نواز شریف کا موجودہ ساڑھے چار سالہ دور حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کا بہترین دور ہے

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف کافیصل آباداور گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین اسمبلی سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:43

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت ..
لاہور۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اوروزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور محمد نواز شریف کا موجودہ ساڑھے چار سالہ دور حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کا بہترین دور ہے‘ ملک کی ترقی کے لئے جو منصوبہ بندی کی گئی اس پر تیز رفتاری اور شفافیت سے عملدرآمد کیاگیا‘چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور محمد نواز شریف کو جاتا ہے ‘ سی پیک کے تحت ملک کی تاریخ کے کوئلے سے چلنے والے سب سے بڑے بجلی کے منصوبے لگائے گئے ہیں‘ ساہیوال کول پاور پلانٹ اور پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ سے 2700 میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے اور ان منصوبوں کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے‘ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وفاقی وزیر احسن اقبال ، صوبائی وزراء اور مسلم لیگی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے دن رات محنت کی ہے‘ سی پیک کے علاوہ محمد نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں اپنے وسائل سے بھی بجلی کے منصوبے لگانے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اپریل 2015ء میں یہ فیصلہ کر کے اعلی سیاسی سوچ اور بصیرت دکھائی‘ اس فیصلے کے نتیجے میں وفاقی اور پنجاب حکومت نے مل کر 3600 میگا واٹ کے گیس کے منصوبے لگائے‘ یہ منصوبے بھکی ، حویلی بہادر شاہ اور بلوکی میں لگائے گئے ہیں جہاں سے ہزاروں میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو مل رہی ہے ‘ ساڑھے 12 سو میگا واٹ بجلی کے چوتھے منصوبے پر بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور یہ منصوبہ اس سال کے آخر یا اگلے سال کے اوائل میں مکمل ہو گا- انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت لگنے والے توانائی کے منصوبوں کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے وسائل سے 5000 میگا واٹ کے بجلی کے کارخانے لگائے ہیں - دوسری جانب نیلم جہلم پاور پلانٹ 20 سال سے رینگ رہا تھا - محمد نواز شریف نے اس منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا اور یہ منصوبہ مکمل ہوا- 985 میگا واٹ کے اس منصوبے پر پانچ ارب ڈالر لاگت آئی ہے جبکہ ہم نے 5000 میگا واٹ بجلی کے منصوبے اس سے آدھی قیمت پر لگائے ہیں - انہوںنے کہا کہ قومی وسائل کو کس بے دردی سے لوٹا گیا اور کرپشن نے اسے دیمک کی طرح چاٹ کھایا ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود جی ڈی پی کی شرح 5.8فیصد ہے جو گزشتہ 13 سالوں میں سب سے بڑی ترقی کی شرح ہے - زراعت نے بھی 4 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے - انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں - بے یقینی کی صورتحال ملک کی ترقی کے لئے اچھی نہیں ہے - ہمیں اتحاد اور اتفاق کی قوت سے آگے بڑھنا ہے - انہوںنے کہا کہ جو لوگ پارٹی کو چھوڑ گئے ہیں وہ آزادحیثیت سے الیکشن جیت کر پارٹی میںآئے تھے - عوام کی تڑپ انہیں دن رات ہانٹ کر رہی ہو گی اور انہیں اپنے اس فیصلے کی قیمت بھی چکانا پڑے گی- وزیر اعلی نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور یکجہتی کی منزل حاصل کرنے کے لئے اتحاد اور یگانگت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے - انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ انتخابات میں کراچی سے طور خم تک عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے اور ترقی کا سفر جاری رہے گا۔