Live Updates

ٹیکس میں دشمنوں کو نہیں، اپنے لوگوں کو چھوٹ دی ،مفتاح اسماعیل

اسحاق ڈار کا پیش کردہ بجٹ معاشی استحکام کا پہلا اورموجودہ بجٹ دوسرا حصہ ہے، زرعی شعبے کی ترقی کے بغیر معیشت آگے نہیں بڑھے گی قومی اداروں کی نجکاری کے بغیر بجٹ خسارے کو کم نہیں کیا جا سکتا،وزیرخزانہ کا انٹرویو

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:39

ٹیکس میں دشمنوں کو نہیں، اپنے لوگوں کو چھوٹ دی ،مفتاح اسماعیل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2018ء) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ٹیکس میں اپنے لوگوں کو چھوٹ دی، دشمنوں کو نہیں دی، اسحاق ڈار کے پیش کردہ بجٹ معاشی استحکام کا پہلا حصہ تھا موجودہ بجٹ دوسرا حصہ ہے، زرعی شعبے کی ترقی کے بغیر معیشت آگے نہیں بڑھے گی، قومی اداروں کی نجکاری کے بغیر بجٹ خسارے کو کم نہیں کیا جا سکتا۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں بجٹ حکومت کی ترجیحات بتاتے ہیں۔ بجٹ میں ایسی کوئی چیز نہیں جو پارٹی کے منشور نہیں ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے پیش کردہ بجٹ ملکی استحکام کا پہلا حصہ تھا اور موجودہ بجٹ اس کا دوسرا حصہ ہے جب ہم آئے تھے اس وقت جی ڈی پی گروتھ بہت کم تھی اور ہم ٹیکس پر چھوٹ نہیں دے سکتے تھے آج معاشی حالت کی بہتری کے بعد ہم نے ٹیکس میں چھوٹ دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ریونیو کم کرنا نہیں ملک کی معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے میں نے کراچی سے انتخابات میں حصہ لینا ہے انہوں نے کہا کہ گاؤں کی غربت کو سب جانتے ہیں جب تک زرعی شعبے میں ترقی نہ ہو معیشت میں بہتری نہیں آ سکتی۔ ہم نے کھاد پر ٹیکس کم کیا تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم کیا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسے بڑھائے۔ ہم نے عوام کی معاشی حالت کو بہتر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بجٹ میں کوئی ایسی چیز نہیں چھوری جس کے لئے کوئی سپلمنٹری بجٹ آئے میں نے تمام چیزیں بجٹ میں ڈال دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب لوگوں کو مراعات نہیں دیتے تھے تب بھی تنقید ہوتی تھی آج مراعات دی ہیں پھر بھی تنقید ہو رہی ہے۔ ایف بی آر کے اہداف پورے ہونے میں کوئی شک نہیں۔ ہم مواصلات لے کر آئے ہیں اس سے معیشت چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک اداروں کی نجکاری نہیں ہو گی، ہم خسارے کو کم نہیں کر سکتے۔ پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری میں ناکام ہوئے ۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے نجکاری کی مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایمانداری سے بجٹ پیش کیا ہے آنے والی حکومت اسے آگے لے جا سکتی ہے ۔ ہم نے 5سال عوام کی خدمت کی ہے۔ بجلی کے منصوبے لگائے اور ترقیاتی کام کرائے ہیں۔۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات