خیبرپختونخواکے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکا وفاقی بجٹ کا خیرمقدم

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:05

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) خیبرپختونخوا کے سیاستدانوں،سول سوسائٹیز،تاجروں ،کاروباری حضرات سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد نے وفاقی بجٹ مالی سال2018-19ء کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے غریب اورعوام دوست قرار دیا ہے اورکہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو درپیش چیلنجوں کے باوجود معاشرے کے تمام طبقوں کیلئے اچھابجٹ پیش کیا، بجٹ میں غریب اورمتوسط طبقہ سمیت سرکاری ملازمین، پنشن یافتہ افراد ،کسان اور عام آدمی کوزیادہ سے زیادہ ریلیف دیاگیا ہے۔

انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پینشن میں 10 فیصد اضافے کا خیر مقدم کیا۔ صوبے کے فنکاروں نے بھی فلمی صنعت کی بحالی کے لئے وفاقی بجٹ میں حکومت کے چار نکاتی پیکیج کا خیر مقدم کیا۔خیبر پختونخوااسمبلی میں مسلم لیگ (ن )کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلہوٹھا نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ چیلنجزکے باوجود عوام کی خواہشات اور توقعات کے مطابق چھٹابجٹ پیش کرنے پروفاقی حکومت تعریف کی مستحق ہے جس کا ساراکریڈٹ ن لیگ کی حکومت کو جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں اضافے سے ملازمین کے خاندانوں کی اقتصادی مشکلات کی کمی میں مددملے گی۔نلہوٹھانے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پرقابوپانے اور ملک میں امن کے قیام جیسے حکومتی اقدامات کی بدولت رواں سال جی ڈی پی کی شرح 5.8 فیصد تک پہچ گئی، اسی طرح وفاقی حکومت نے 12000 میگا واٹ بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کیا جس کے نتیجے میں معاشی خوشحالی اور صنعی ترقی پرمثبت اثر پڑا۔

انہوں نے پی ایس ڈی پی کیلئے مختص فنڈز کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ملک بھرمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے میں مددملے گی۔ انہوں نے زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے قائم ادارہ ایراکیلئے 8.5بلین اور فاٹا کے دس سالہ منصوبہ کیلئے دس بلین روپے بجٹ میںمختص کرنے کوسراہتے ہوئے کہاکہ اس سے زلزلہ زدگان کی بحالی اور قبائلی علاقوں میں اقتصادی ترقی کی رفتارمزید تیز ہوگی۔

انہوں نے ٹی ڈی پیز کی بحالی کے لئے 90 بلین روپے مختص کرنے کا بھی خیر مقدم کیا۔انہوں نے حزب اختلاف کے بائیکاٹ پرکہاکہ بائیکاٹ کا کوئی جوازنہیںبنتاتھا اگر اپوزیشن پرسکون اندازکے ساتھ بجٹ تقریر سنتی تو بہتر ہوتا۔سینئر آئینی ماہرعالمزیب ایڈووکیٹ نے وفاقی بجٹ کا خیر مقدم کیا اور اسے موجودہ حالات میں بہترین بجٹ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیوں کو اگلے مالی سال کے لئے بجٹ کو منظور کرنے کا مکمل اختیار ہے کیونکہ حکومت بجٹ کے بغیر کام نہیں کرسکتی، موجودہ اسمبلیوں کی طرف سے بجٹ پیش کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے ۔

سینئرماہر تعلیم اور اقتصادیات پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے بجٹ میںحکومت کے تعلیمی پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت ملک بھر میں بچوں کو 100 فی صد سکول داخلہ یقینی ہوگا۔