بجٹ پر تبصرہ کرنا بے معنی ہے،بجٹ کی کوئی قانونی، اخلاقی اور سیاسی حیثیت نہیں،آصف علی زرداری

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بجٹ پر تبصرہ کرنا بے معنی ہے کیونکہ اس بجٹ کی کوئی قانونی، اخلاقی اور سیاسی حیثیت نہیں اور اس بجٹ کا محرک صرف لالچ اور سیاسی عزائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی اور قانونی عنصر کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صرف تین مہینے کا بجٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں پوچھا کہ آخر وفاقی حکومت سارے سال کا بجٹ کیوں پیش کر رہی ہے جبکہ اس کی حکومت کے تقریباً دو ماہ سے بھی کم باقی رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی اسی ڈی پی کے خطیر رقم کے منصوبوں میں کمیشن کا عمل دخل ہے اور کیا حکومت اسی کمیشن کے لئے پورے سال بجٹ پیش کر رہی ہے۔ آصف علی زرداری نے خبردار کیا کہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں میں صوبوں کو نظرانداز کرنا صوبوں کو وفاق سے دور کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کسی بھی وفاقی حکومت نے صوبوں کے خدشات کے بارے میں اتنی بے حسی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔