کوئی بھی پارٹی اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کر سکتی، اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کر کے بجٹ کے ثمرات عوام تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کی

وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بجٹ 2018-19ء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی پارٹی اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کر سکتی، یہ ہمارا کھلا چیلنج ہے، اس لئے اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے ہال میں ہنگامہ آرائی کر کے بجٹ کے ثمرات عوام تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت گزشتہ پانچ سال بجٹ پیش کر رہی ہے جو پارلیمانی تاریخ کا ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے متوازن بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا، ہائوس رینٹ 50 فیصد تک بڑھایا گیا، پنشنوں میں اضافہ کر کے پنشنروں کو ریلیف دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کے بجٹ میں اضافہ کر کے ان کی ضروریات کو پورا کیا گیا ہے، ترقیاتی شعبہ پر بھرپور توجہ دی گئی۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں بجت تقریر کے دوران اپوزیشن کی طرف سے ہنگامہ آرائی پر کہا کہ اس پر افسوس کے علاوہ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو آئین کے مطابق وزیر بنا کر بجٹ پیش کرنے کا کہا گیا، آئین میں ہے کہ کوئی غیر منتخب شخص وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے کے بعد تین ماہ کے اندر منتخب ہو سکتا ہے۔ اپوزیشن کو اس حد تک نہیں جانا چاہیے، 90 کی دہائی سے اتار چڑھائو دیکھے ہیں۔