وفاقی حکومت کا بچوں میں خوراک اور غذائیت کی کمی کی وجہ سے غیر کامل نمو پر قابو پانے کیلئے 10 ارب روپے سے پروگرام شروع کرنے کا اعلان

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی حکومت نے بچوں میں خوراک اور غذائیت کی کمی کی وجہ سے غیر کامل نمو (Stunted growth) پر قابو پانے کیلئے 10 ارب روپے سے پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں 39 فیصد بچے خوراک اور غذائیت کی کمی کی وجہ سے Stunted growth کا شکار ہیں۔ جمعہ کو وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اس پروگرام کا اعلان اپنی بجٹ تقریر 2018-19ء میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس مقصد کے لئے 10 ارب روپے کی رقم سے ایسے پروگرام کا اعلان کرتا ہوں جس سے بچوں میں نشونما کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ پروگرام جلد فعال ہو گیا تو وہ ساری پارلیمنٹ کی جانب سے اس عزم کا اعلان کرتے ہیں کہ اس مقصد کے لئے جو بھی رقم درکار ہوئی وہ سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2020ء تک ملک سے بچوں میں Stunting کے مسئلے کا خاتمہ ہو جائے گا۔