وفاقی حکومت کا ملک میں تعلیم کے فروغ اور شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے نئے پروگرام 100، 100 ، 100 کا اعلان‘ سکولوں میں 100 فیصد داخلہ، 100 فیصد حاضری اور 100 فیصد فارغ التحصیل ہونے کی شرح کو یقینی بنایا جائے گا‘ مفتاح اسماعیل

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی حکومت نے ملک میں تعلیم کے فروغ اور شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے نئے پروگرام 100، 100 ، 100 کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت سکولوں میں 100 فیصد داخلہ، 100 فیصد حاضری اور 100 فیصد فارغ التحصیل ہونے کی شرح کو یقینی بنایا جائے گا۔ جمعہ کو وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پروگرام کا اعلان اپنی بجٹ تقریر 2018-19ء میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کا عہد ہے کہ 100 فیصد بچوں کے سکول میں داخلے، 100 فیصد بچوں کی سکول میں حاضری اور بفضلِ تعالیٰ 100 فیصد بچوں کے کامیابی سے فارغ التحصیل ہونے کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ہی نہیں بلکہ پوری پارلیمنٹ کا پاکستان کے بچوں سے عہد ہے، 70 سال کی طویل مدت کے بعد بھی ہم پاکستانی رہنماؤں نے اس ملک کے بچوں کو مایوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کو تعلیم کی روشنی فراہم نہیں کر سکے، اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے لیکن پھر بھی وفاقی حکومت مالی اور انتظامی لحاظ سے ہر صوبے کو اس مقصد کے حصول میں معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی معاملہ نہیں ہے، یہ ایک قومی عہد ہے جو آج پاکستان کے بچوں سے کر رہا ہوں۔