پی ٹی آئی ابھی تک کنٹینر سیاست سے باہر نہیں نکل سکی ،ْبجٹ پیش کرنا حکومت کا حق ہے ،ْمولانا فضل الرحمن

جمعہ 27 اپریل 2018 23:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ابھی تک کنٹینر سیاست سے باہر نہیں نکل سکی ،ْبجٹ پیش کرنا حکومت کا حق ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش کرنا حکومت کا حق ہے، الیکشن کے بعد بھی آنے والی حکومت مسلم لیگ کی ہی ہوگی ،ْ پی ٹی آئی ابھی تک کنٹینر سیاست سے باہر نہیں نکل سکی اور ایوان میں بھی کنٹینر سیاست کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے تمام چیزوں کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بجٹ اپوزیشن کے بغیر ہی پاس ہوتے ہیں، اپوزیشن کو موقع دیا جاتا ہے کہ وہ حکومت کو تجاویز دے، اگر ان کے کوئی اعتراضات تھے تو وہ اسمبلی فلور پر پیش کرتے، حکومت ان تجاویز کو قبول کرتی مگر انہوں نے شور شرابہ کیا جو پارلیمانی روایات کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کو پی پی پی کی طرح احتجا ج کرنا چاہیئے تھا مگر جس طرح پی ٹی آئی نئی نئی روایات ڈال رہی ہے وہ درست نہیں، اگر یہی روایت جاری رہی تو پارلیمنٹ نہیں رہے گی بلکہ ڈی چوک بن جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کنٹینر کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اسمبلی کے اندر بھی انہوں نے یہی سیاست جاری رکھی ہوئی ہے۔