نوکری سے تنگ شخص نے، نوکری سے نکالے جانے کے لیے اپنی کار راہ چلتے لوگوں سے ٹکرانی شروع کر دی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 26 اپریل 2018 23:47

نوکری سے تنگ شخص نے، نوکری سے نکالے جانے کے لیے  اپنی کار راہ چلتے لوگوں ..

واشنگٹن کے ایک شخص نے بہت سے پیدل چلنے والے افراد کو اپنی گاڑی سے ٹکر مار دی۔ اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی تفتیش میں اس شخص نے بتایا کہ  وہ کچھ بھی ایسا کرنا چاہتا تھا جس سے اسے نوکری سے نکال دیا جائے۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ ایلی الڈنجر نے اپنی کار سے دو لوگوں کو چوٹ پہنچائی اور تیسرے سے گاڑی کو ٹکرانے کی کوشش کی ہے لیکن اس سے قبل ہی تیسرا شخص اس کے راستے سے ہٹ کر ایک طرف ہونے میں کامیاب ہوگیا۔


الڈنجر کا کہنا ہے کہ میرا ارادہ کسی شخص کو جان سے  مارنے کا نہیں تھا بلکہ صرف زخمی کرنے کا تھا۔ چونکہ وہ اپنی موجودہ نوکری سے ناخوش ہے لہٰذا اس کا خیال ہے کہ اس طرح کی حرکات سے اس کا ریکارڈ خراب ہو جائے گا اور اسے نوکری سے نکال دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے متاثرین میں سے ایمی پورٹر فیلڈ کوشدید زخمی ہونے کی وجہ سے ایور گرین میڈیکل ہاسپٹل لے جایا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسرے شخص کو چوٹیں تو آئی ہیں لیکن وہ معمولی نوعیت کی تھیں جس کے لیے اسے ہسپتال نہیں جانا پڑا جبکہ الڈنجر کا تیسرا شکار صورتحال کو بھانپ کر فوراً گاڑی سے دور ہٹ گیا تھا۔اس طرح وہ بالکل محفوظ رہا۔
الڈنجر نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی زندگی سے ناخوش اور بے خوابی کے مرض میں مبتلا ہے۔ الڈنجر کو  1 ملین ڈالر کی ضمانت پر رہا  کیا  جائے گا اور  بدھ کے روز عدالت میں اس کی پیشی ہے۔