قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس

جمعہ 27 اپریل 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں اور جاری ترقیاتی سکیموں پر عائد پابندی کے حوالہ سے احکامات فی الفور واپس لئے جائیں۔ جمعرات کو اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر شزرا منصب علی خان کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان سمیت سندھ، پنجاب، کے پی کے نمائندوں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے نعیمہ کشور خان کی جانب سے پیش کردہ الیکشن (ترمیمی) 2017ء کی شق 41 میں ترمیم کی منظوری دیدی جبکہ بل کی شق 211 میں ترمیم محرک نے واپس لے لی۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات 2018ء میں الیکشن سے قبل دھاندلی کو روکنے کیلئے آئین کے آرٹیکل 218 (3) اور 220 کے تحت سرکاری ملازمتوں اور ترقیاتی سکیموں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور پروونشل پبلک سروس کمیشن کی طرف سے ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ تمام سرکاری ملازمتوں کی فراہمی پر پابندی عائد کی ہے۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں اور جاری ترقیاتی سکیموں پر عائد پابندی کے احکامات فی الفور واپس لئے جائیں۔