آئی سی سی کا 2019ء ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے حتمی شیڈول کا اعلان، میگا ایونٹ 30 مئی سے 16 جولائی تک کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم 31مئی کو کالی آندھی کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی

جمعرات 26 اپریل 2018 23:57

آئی سی سی کا 2019ء ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے حتمی شیڈول کا اعلان، میگا ..
کولکتہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2019ء ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے حتمی شیڈول، میچز کے اوقات اور مقامات کا اعلان کر دیا۔ میگا ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اینڈ ویلز میں کھیلا جائے گا جس میں دنیائے کرکٹ کی صف اول کی 10 بہترین ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، کینگروز نے 2015ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو فائنل میں زیر کر کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، 30مئی کو افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم یکم جون کو افغانستان اور پاکستانی ٹیم 31مئی کو کالی آندھی کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو آئی سی سی نے آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ کا حتمی شیڈول جاری کر دیا جس کے تحت یہ ایونٹ 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ طرز پر کھیلا جائے گا، ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں آپس میں ایک، ایک میچ کھیلیں گی جن میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 46 روزہ ایونٹ میں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 48 میچز 11 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے، ایونٹ میں صرف 7 میچز ڈے اینڈ نائٹ جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل سمیت تمام میچز ڈے ہوں گے۔

30 مئی کو افتتاحی میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 31مئی کو ابتدائی میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مدمقابل ہو گی، گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا، چوتھا میچ 12 جون کو کینگروز، پانچواں میچ 16 جون کو روایتی حریف بھارت، چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ، آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان جبکہ نواں اور آخری میچ 5 جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی، ایونٹ کے سیمی فائنلز 9 اور 11 جولائی کو شیڈول ہیں، دونوں کیلئے ریزرو ڈے رکھے گئے ہیں، لارڈز 14جولائی کو پانچویں مرتبہ فائنل میچ کی میزبانی کرے گا، فائنل کیلئے بھی ریزرو ڈے ہو گا، 14 جولائی کو بارش کی صورت میں فائنل 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔