پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے مرحلہ کے انعقاد

دونوں ملکوں کاباہمی اہمیت کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ، قریبی برادرانہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 26 اپریل 2018 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان اور تاجکستان نے باہمی اہمیت کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق اور قریبی برادرانہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعرات کو یہاں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے مرحلہ کے انعقاد کے دوران پایا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت خصوصی سیکرٹری (مشروق وسطی، ای سی او، وسطی ایشیائی ریاستیں) اعتزاز احمد جبکہ فرسٹ نائب وزیر برائے خارجہ امور نظام الدین زاہدی نے تاجکستان کے وفد کی قیادت کی۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات نظر ثانی کی اور تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، ثقافت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، پارلیمانی تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے پہلوئوں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

دونوں ملکوں نے قریبی برادرانہ تعلقات اور یو این، ای سی او اور او آئی سی کی سطح پر جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال بھی زیر بحث لائی گئی۔خصوصی سیکرٹری نے تاجک وفد کو خطہ میں امن و سلامتی کو فروغ دینے سے متعلق پاکستان کی کوششوں، پاک۔بھارت تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے بریف کیا۔ تاجکستان کے فرسٹ نائب وزیر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں بھی اظہار خیال کیا۔