2018کے انتخابات میں پتنگ کٹ جائے گی اور ہر طرف تیر ہی تیر نظر آئے گا، سعید غنی

29اپریل کا جلسہ کراچی میں نفرت کا پیغام عام کرنے والوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،شہر کے لوگ بڑی تعداد میں جلسہ گاہ کا رخ کرکے ثابت کردیں گے کہ کراچی امن پسند قوتوں کا شہر ہے، پریس کانفرنس

جمعرات 26 اپریل 2018 23:17

2018کے انتخابات میں پتنگ کٹ جائے گی اور ہر طرف تیر ہی تیر نظر آئے گا، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقاری مہدی اور کراچی ڈویڑن کے صدر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو 29اپریل (اتوار) کو لیاقت آباد کے علاقے ٹنکی گروانڈ ایف سی ایریا میں بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کرے گی ،جس کی حتمی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔اس جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کا خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔

کراچی کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس جلسے میں بھرپور شرکت کرکے پیپلزپارٹی کے سلوگن ''پرامن کراچی ہمارا کراچی اورکراچی سب کے لیے ''کا ساتھ دیں۔2018کے انتخابات میں پتنگ کٹ جائے گی اور ہر طرف تیر ہی تیر نظر آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ٹنکی گراؤنڈ ایف سی ایریا میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد استقبالیہ کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راشد ربانی۔شہلارضا اور دیگر بھی موجود تھے۔وقار مہدی اور سعید غنی نے کہا کہ یہ جلسہ کراچی سے نفرتوں کو ختم کرے گا۔29اپریل کا جلسہ کراچی میں نفرت کا پیغام عام کرنے والوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔شہر کے لوگ بڑی تعداد میں جلسہ گاہ کا رخ کرکے ثابت کردیں گے کہ کراچی امن پسند قوتوں کا شہر ہے۔انہوں نے کہا کہ 29اپریل کا جلسہ کراچی میں محبت اور بھائی چارگی کے پیغام کو عام کرنے میں مدد دے گا۔

کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ گزشتہ تیس سال میں ایم کیو ایم نے نفرت کو فروغ دیا اور کراچی کے مسائل اور تباہی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔انہوں نے کہا کہ جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔جلسے میں سکیورٹی ،پارکنگ اور اسٹیج کی تیاری کا کام جاری ہے۔پیپلزپارٹی کے تحت جلسے کے حوالے سے جمعہ سے شہر بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور شہر میں استقبالیہ کیمپ بھی لگادیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی خصوصاً لیاقت آباد کے عوام شہید بی بی کے بیٹے کا بھرپور استقبال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی متحدہ کا نہیں پیپلزپارٹی کا گڑھ بنتا جارہا ہے اور ضلع وسطی کے لوگ جوق در جوق پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ احتساب کے عمل میں تفریق نہیں ہونا چاہئے، معاملات کو عدالتوں میں لیکر جانے والے نااہلی کے فیصلے کے زمہ دار ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ احتساب کے لیے پیمانہ الگ الگ نہیں بلکہ یکساں ہونا چاہیے۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے شہر کو یرغمال بنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم کی سرپرستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ شہر کی بربادی کے زمہ دار مشرف نواز شریف اور ایم کیوایم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں اور کراچی کے لوگ سمجھ گئے ہیں کہ ان کے مسائل صرف پیپلزپارٹی حل کرسکتی ہے۔اس موقع پر مختلف جماعتوں کے کارکنوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔قبل ازیں پیپلزسیکرٹریٹ میں جلسہ تیاری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔#