امجد صابری قتل کیس، مجرم عاصم کیپری کی سزائے موت چیلنج

جمعرات 26 اپریل 2018 23:17

امجد صابری قتل کیس، مجرم عاصم کیپری کی سزائے موت چیلنج
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) مشہور قوال امجد صابری کے قتل میں سزا یافتہ مجرم عاصم کیپری کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی سزائے موت سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردی،معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے مرکزی اور سزا یافتہ مجرم عاصم کیپری کی اہلیہ نے اپنے شوہر کو فوجی عدالت سے ملنے والی سزائے موت کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کوعاصم کیپری کی اہلیہ نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 19 اپریل 2018 کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز سے اپنے شوہر کی سزائے موت کی اطلاع ملی۔ فوجی عدالت کے فیصلے کی نقول کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا تاہم ٹرائل اور فوجی عدالت سے منتقل کوئی معلومات نہیں دی جارہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میرے شوہرعاصم کا کسی دہشت گرد گروپ سے تعلق نہیں اس لئے اس پر فوجی عدالت کا اطلاق بھی نہیں ہوتا، لہذٰا عدالت اپیل کے فیصلے تک فوجی عدالت کی سزا کالعدم قرار دے اور متعلقہ حکام کو سزائے موت دینے سے روکا جائے۔ درخواست میں وزارتِ دفاع، وزرات داخلہ اوردیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔#