گورنر سندھ کا چین کے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیمی اداروں کی نمائش کا دورہ

سی پیک کے منصوبوں میں افرادی قوت کی ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت میں چینی تعلیمی ادارے نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں ، پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے کیونکہ دونوں ممالک کے عوام باہمی احترام اور خلوص کے رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں، گورنر سندھ کی گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 23:17

گورنر سندھ کا چین کے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیمی اداروں کی نمائش کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سی پیک کے منصوبوں میں افرادی قوت کی ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت میں چینی تعلیمی ادارے نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ وہ اس میدان میں وسیع تجربہ کے حامل ہیں۔ انہوں نے جمعرات کوسی پیک کے حوالہ سے چین کے تکنیکی تعلیمی اداروں کی نمائش کے دورے کے موقع پر اظہار کیا جوکہ مقامی ہوٹل میں منعقد کی جارہی ہے۔

اس میں چین کے مختلف صوبوں میں واقع 60 سے زائد ٹیکنیکل اور ووکیشنل انسٹیٹیوٹس حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس ایونٹ کو منعقد کرانے والوں کو سراہنا چاہیے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس تعلیمی نمائش کے دوران چین اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کے مابین معاہدوں کے باعث اس ایونٹ کی بہت اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں ایسی نمائشیں پاکستان کی ضرورت ہیں کیونکہ ان کے ذریعے نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کو تکنیکی میدان میں معلومات فراہم ہوں بلکہ انہیں اپنے پسند کے شعبہ میں تربیت کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں اس لئے ہمیں ایسی پالیسیاں بنانی ہیں جن سے سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہو کیونکہ سرمایہ کاری معیشت کی ترقی کا نقطہ آغاز ہوتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ چین سے اچھا دوست کوئی نہیں ہوسکتا کیونکہ قدم قدم پر چین نے ہمارا ساتھ دیا ہے اور سی پیک اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے کیونکہ دونوں ممالک کے عوام باہمی احترام اور خلوص کے رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر مختلف اسٹالز پر گئے اور ان سے معلومات حاصل کیں۔#